پیرس ماسٹرز ٹینس ٹورنامنٹ، کوارٹر فائنل کیلئے کھلاڑیوں کا انتخاب مکمل

Novak Djokovic And Roger Federer

Novak Djokovic And Roger Federer

پیرس (جیوڈیسک) عالمی نمبر ایک نوواک جوکووچ روجر فیڈرر اور اینڈی مرے نے پیرس ماسٹرز ٹینس ٹورنامنٹ کے کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی ۔ پیرس میں جاری اے ٹی پی سنگلز ایونٹ میں دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے ہوئے۔

تیسرے راؤنڈ میں ورلڈ چیمپئن نوواک جوکووچ اور فرانس کے گائیل مونفلس مدمقابل ہوئے۔ سربین سٹار نوواک جوکووچ نے فرانسیسی حریف کو سٹریٹ سٹیس میں چھ تین اور سات چھ سے زیر کیا۔ ورلڈ نمبر ٹو سوئس سٹار روجر فیڈرر بھی فرانس ہی کے کوالیفائر لوکاس پولی کو دلچسپ مقابلے کے بعد آؤٹ کلاس کرنے میں کامیاب ہوئے۔ سترہ بار کے گرینڈ سلیم چیمپئن روجر فیڈرر کو چھ چار اور چھ چار سے کامیابی حاصل ہوئی۔

برطانوی سٹار اینڈی مرے نے بلغاریہ کے گریگر دیمیتروو کو صرف ایک گھنٹے کے مقابلے میں ہی شکست دیکر فتح اپنے نام کی۔ ادھر سوئزرلینڈ کے سٹینسلاس واورینکا کو جنوبی افریقہ کے کیون اینڈرسن سے تین گھنٹے کے طویل مقابلے کے بعد اپ سیٹ شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ واورینکا کو سنسنی خیز مقابلے میں شکست کے بعد ایونٹ سے باہر ہونا پڑا۔