پارکوں کی زبوں حالی کا نوٹس لیا جائے، جماعت اسلامی

Jamaat-e-Islami

Jamaat-e-Islami

کراچی : امیر جماعت اسلامی ضلع وسطی منعم ظفر خان نے ڈپٹی کمشنر سینٹرل کیپٹن (ر) فرید مصطفی سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ اس موقع پر اسسٹنٹ ڈپٹی کمشنر ضلع وسطی شجاعت بھی موجود تھے۔ جماعت اسلامی کے وفد میں کوآرڈینیٹر پبلک ایڈ کمیٹی ضلع وسطی سجاد حیدر دارا اور صغیر احمد انصاری شامل تھے۔

امیر جماعت اسلامی ضلع وسطی نے ڈپٹی کمشنر سینٹرل کیپٹن (ر) فرید مصطفی کو ضلع وسطی میں عوام کو ہونے والی مشکلات و دیگر مسائل سے آگاہ کیا۔ منعم ظفر خان نے ڈپٹی کمشنر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ضلع وسطی میں جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر اور سیوریج کا پانی جمع ہے، جس سے طرح طرح کی بیماریاں جنم لے رہی ہیں اور شہریوں کے روزمرہ کے معاملات بھی بری طرح متاثر ہو رہے ہیں۔ پانی کا بحران روز بروز شدت اختیار کرتا جا رہا ہے، پانی کی چوری ختم کر کے منصفانہ تقسیم کو یقینی بنا کر مسئلے کی شدت کو کم کیا جاسکتا ہے۔

ضلع وسطی میں کھیل کے میدان اور پارکس زبوں حالی کا شکار ہیں، جس کی وجہ سے عوام تفریح سے محروم ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ گرین بس پروجیکٹ منصوبے کے سلسلے میں ہونے والے کام کے باعث گولی مار چورنگی تا لسبیلہ روڈ کی حالت انتہائی خراب ہوچکی ہے جبکہ گولیمار چورنگی پر تعمیر ہونے والے انڈر بائی پاس کا کام مکمل نہ ہونے کی وجہ سے شہریوں اور دکانداروں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔ ڈپٹی کمشنر سینٹرل کیپٹن (ر) فرید مصطفی نے وفد کو یقین دلایا کہ وہ ان مسائل کو فوری طور پر حل کرنے کی کوشش کریں گے۔ منعم ظفر خان نے ڈپٹی کمشنر کو اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔#