ایسی پارلیمنٹ پر لعنت بھیجتا ہوں جو مجرم کو پارٹی سربراہ بنائے، عمران خان

Imran Khan

Imran Khan

لاہور (جیوڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ ایسی پارلیمنٹ پر لعنت بھیجتا ہوں جو مجرم کو پارٹی سربراہ بنائے، شیخ رشید کا استعفی والا آئیڈیا اچھا ہے اس بارے میں پارٹی سے مشاورت کروں گا اور ممکن ہے جلد شیخ رشید کو جوائن کر لیں۔

لاہور میں پاکستان عوامی تحریک کے احتجاج کے دوران خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ احتجاج جمہوریت کا حسن ہے، اگر لوگوں کو انصاف مل جائے تو وہ احتجاج کیوں کریں گے؟ انہیں انصاف نہیں ملتا تب ہی وہ احتجاج کرتے ہیں، تمام جماعتوں کو یہاں جمع کرنے پر قادری صاحب کو مبارک باد پیش کرتا ہوں۔

عمران خان نےکہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن اور زینب قتل کیس میں مماثلت ہے، ماڈل ٹاؤن کی طرح قصور میں بھی پولیس نے نہتے شہریوں پر گولیاں اس طرح چلائیں جس طرح دہشت گردوں پر چلائی جاتی ہیں، جب تک اوپر سے حکم نہ ہو پولیس کبھی شہریوں پر گولیاں نہیں برساتی، اگر پولیس نے اپنی مرضی سے گولیاں چلائی ہوتیں تو آج سارے اہلکار جیل میں ہوتے، اگر آج ہم ان کے خلاف نہ نکلے تو یہ آئندہ بھی شہریوں کو قتل کرتے رہیں گے۔

عمران خان نے کہا کہ سابق آئی جی پنجاب ارباز خان کی رپورٹ آج تک موجود ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ شریف برادران نے من پسندی اور رقم کے عوض پنجاب پولیس میں بھرتیاں کیں، جو پولیس پیسے دے کر تعینات ہو وہ عوام سے پیسہ پورا کرتی ہے، میں پوچھتا ہوں شریف برادران 19 برس سے پنجاب میں طاقت بن کر رہ رہے ہیں انہوں نے پولیس کو ٹھیک کیوں نہیں کیا؟

عمران خان نے شہباز شریف کے مردان جانے کے بیان کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ وہ مردان جائیں اور وہاں کی پولیس پر تنقید کریں لوگ آپ کو ٹماٹر اور انڈے ماریں گے کیوں کہ وہاں کی پولیس بہت اچھی ہے۔

شیخ رشید کی جانب سے قومی اسمبلی کی رکنیت سے استعفی کے اعلان پر عمران خان نے کہا کہ میں شیخ رشید کی باتوں سے متفق ہوں ایسی پارلیمنٹ پر لعنت بھیجتا ہوں جو مجرم کو پارٹی سربراہ بنائے ، شیخ رشید کا استعفی والا آئیڈیا اچھا ہے اس بارے میں پارٹی سے مشاورت کروں گا اور ممکن ہے ہم جلد شیخ رشید کو جوائن کر لیں۔