پارلیمنٹ عوام کا پیسہ چوری کرنے والوں کی مدد کر رہی ہے۔ عمران خان

Imran Khan

Imran Khan

مظفر گڑھ (جیوڈیسک) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کوٹ ادو میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں نے پہلے کبھی ایسا جذبہ اور جنون آپ میں دیکھا، میں اس شاندار استقبال پر اپنے کوٹ ادو کے کارکنوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں، اللہ جب کسی قوم کو جگا دیتا ہے تو یہ اس کی بہت بڑی نعمت ہے، سب جانتے ہیں کہ پاکستان کو ایشیاء کا ٹائیگر بنانے کے نام پر کس نے ووٹ لیا، عوام کا پیسہ عوام پر ہی خرچ ہونا چاہیے، دین کے نام پر لوگوں سے ووٹ لیا گیا۔

چیئرمین پی ٹی آئی کا یہ بھی کہنا تھا کہ مافیا عوام کا پیسہ چوری کر کے ملک سے باہر محلات خریدتا ہے، ان کی جائیدادیں، پیسے، بزنس اور عید باہر ہوتی ہے، درندے پیسہ لوٹتے ہیں ،ان کا پیٹ نہیں بھرتا، ان کے پیٹ قبر کی مٹی سے ہی بھریں گے، ان کو کھانسی بھی ہو جائے تو باہر جاتے ہیں، یہاں سڑکوں پر بچے پیدا ہو رہے ہیں۔

سربراہ تحریک انصاف نے مزید کہا کہ کہ جب سپیکر سے کہا کہ نواز شریف سے جواب طلب کریں، سپیکر نے ہاتھ کھڑے کر دیئے، خواجہ آصف نے نواز شریف کو کہاعوام پاناما کو بھول جائیں گے، خواجہ آصف آپ کو نواز شریف سے جواب طلب کرنا چاہیے تھا، خواجہ آصف یہ تمہارے باپ کا پیسہ ہے کہ لوگ بھول جائیں گے۔

عمران خان نے خیبرپختوانخوا میں پی ٹی آئی حکومت کی کارکردگی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ کے پی میں اقتدار ملا تو پولیس کی حالت بہت خراب تھی، آج بہترین پولیس کا نظام کے پی میں ہے، خیبرپختونخوا میں 70 فیصد دہشتگردی ختم ہوئی، ہم نے کے پی پولیس کو غیر سیاسی کیا، جب شہباز شریف نے کے پی پولیس میں تبدیلی دیکھی تو اس نے پولیس کی وردیاں بدل دیں، شہباز شریف سے بڑا ڈرامے باز نہیں دیکھا، شہباز شریف نے پولیس کو ڈاکیے کی وردی پہنا دی، شہباز شریف تم بہت بڑے ایکٹر ہو، تمہیں ہندوستان بھیج دینا چاہیے۔