پارلیمنٹ اور عدلیہ پر حملہ کرنیوالوں کو کوئی نہیں پوچھ سکتا: مریم اورنگزیب

Maryam Aurangzeb

Maryam Aurangzeb

اسلام آباد (جیوڈیسک) احتساب عدالت کے باہر لیگی رہنماؤں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا جن لوگوں نے پاکستان کے آئین کو پامال کیا وہ آزاد پھر رہے ہیں، شریف خاندان کے خلاف سیاسی کیس ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا نوازشریف نے پاکستان کو ایٹمی قوت بنایا، عوام نے نوازشریف کے حق میں 3 بار فیصلہ دیا اور اپنے ووٹوں سے انہیں وزیراعظم منتخب کیا۔

انہوں نے کہا جن لوگوں نے پاکستان کے آئین کو توڑا وہ آزاد فضاؤں میں گھوم رہے ہیں، نوازشریف آئین کی پاسداری کیلئے عدالتوں کا سامنا کر رہے ہیں لیکن پارلیمنٹ اور عدلیہ پر حملہ کرنیوالوں کو کوئی نہیں پوچھ سکتا۔

دوسری جانب لیگی رہنما دانیال عزیز نے میڈٰیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا عمران خان اور جہانگیر ترین کیس میں عدالت ایس ای سی پی کی رپورٹ منگوانے سے قاصر ہے، رپورٹ منگوائی جائے تو پتا چل جائے گا صادق اور امین کون ہے۔

انہوں نے کہا 3 ججوں نے کہا تھا کہ غلط بیانی پر کیس نہیں بنا سکتے، یہ سیاسی کیس ہے، برطانوی حکومت بھی یہی کہہ رہی ہے، تحقیقات کے لیے بار بار ٹیمیں باہر جا رہی ہیں۔ دانیال عزیز نے کہا نواز شریف کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا گیا، تفصیلی فیصلے میں سسیلین مافیا، گارڈ فادر اور شعر و شاعری کے تذکرے پر حیرت ہے۔