پارٹی فیصلے کے بغیر ہٹوں گا، نہ سیاسی یا مذہبی بلیک میلنگ پر جھکوں گا۔ رانا ثناء اللہ

Rana Sanaullah

Rana Sanaullah

لاہور (جیوڈیسک) وزیر قانون پنجاب رانا ثناء اللہ نے کہا کہ آئین غیرمسلم اقلیت کو مکمل مذہبی اور شہری آزادی دیتا ہے، ختم نبوت پر مکمل اور کامل ایمان ہے، قادیانیوں کو غیرمسلم کا درجہ حاصل ہے، میرے بیان کو استعمال کرنے کی کوشش کی گئی، واضح طور پر کہا کہ قادیانی غیرمسلم ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پیر حمید الدین سیالوی ایک وقت میں ایک، پھر دوسری بات کرتے ہیں، پیر حمید الدین سیالوی بزرگ ہیں، ان کی عزت کرتا ہوں مگر ان کو یو سی چیئرمین کے استعفے اکٹھے کرنے میں ناکامی ہوئی، پی ٹی آئی کا رہنماء فرخ حبیب بھی ختم نبوت کانفرنس میں سٹیج پر موجود تھا۔

رانا ثناء اللہ نے یہ بھی کہا کہ ختم نبوت کانفرنس تحریک انصاف نے ہائی جیک کی ہوئی تھی، پیروں کو استعمال کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے جو ناکام ہو گی، پیر سیالوی نے شہباز شریف سے سرگودھا نہ آنے کا گلا کیا تھا، شہباز شریف نے کہا تھا کہ جب بھی سرگودھا آیا تو بات ہو گی۔

رانا ثناء اللہ نے یہ بھی کہا کہ اب ساری اپوزیشن قادری کو اٹھا کر کینٹنر میں بٹھانا چاہتی ہے لیکن اس دفعہ قادری کینٹنر پر اکیلے بیٹھنے کو تیار نہیں، اگر یہ سارے کینٹنر پر بیٹھ گئے تو ذلیل اور رسواء ہو جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ دھرنے پر بیٹھنا ہے تو آئیں جہاں بھی بیٹھنا ہے ان کو مکمل سکیورٹی فراہم کریں گے، عمران، زرداری اور قادری جب دھرنے میں بیٹھیں گے تو قوم کو ان کا چہرہ دکھائیں گے، قوم سمجھ چکی ہے کہ ان کا ایجنڈا کیا ہے، اگر یہ کنٹینر پر چڑھے تو ان کا سیاسی جنازہ نکل جائے گا۔