پارٹی الیکشن جیت گئی تو میں وزارت عظمیٰ کا امیدوار ہوں گا، شہباز شریف

Shahbaz Sharif

Shahbaz Sharif

لاہور (جیوڈیسک) مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کا کہنا ہے کہ پارٹی الیکشن جیت گئی تو میں خود وزیراعظم کا امیدوار ہوں گا جب کہ نواز شریف فی الحال بھابی کلثوم نواز کے ساتھ ہی ہوں گے۔

نجی ٹی وی کو دیے گئے انٹرویو میں صدر مسلم لیگ (ن) شہبازشریف کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن، شفاف انتخابات میں ناکام رہا تو ملک کی بدقسمتی ہوگی اور اگر پارٹی الیکشن جیت گئی تو میں خود وزیراعظم کا امیدوار ہوں گا جب کہ نواز شریف فی الحال بھابی کلثوم نواز کے ساتھ ہی ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مقابلہ تمام سیاسی جماعتوں سے ہے اور ہمارا بیانیہ 5 سالہ کارکردگی ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ نیب آئینی ادارہ ہے، شفاف اور غیر جانبدار احتساب کا نظام قائم کرنا اس کی ذمہ داری ہے، ہمارے امیدواروں کی گرفتاری سے آزادانہ الیکشن پر سوالات اٹھ رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ نیب کی گزشتہ سالوں کی کارکردگی سب کے سامنے ہے، دس دس سال کسی کرپٹ پر ہاتھ نہیں ڈالا گیا اور اب ہمارے لوگوں کی پکڑ دھکڑ شروع ہو گئی۔

چوہدری نثار کے حوالے سے سوال پر شہباز شریف نے کہا کہ لندن جانے سے 2 روز پہلے چوہدری نثار کو ٹکٹ دینے کیلیے نواز شریف کو منالیا تھا اور وہ راضی ہوگئے تھے مگرپھر تلخ بیانات نے بات بگاڑ دی۔