پارٹی چھوڑ کر جانے والے عارضی لوٹے ہیں، مریم اورنگزیب

 Maryam Aurangzeb

Maryam Aurangzeb

اسلام آباد (جیوڈیسک) بدقسمتی سے سیاسی لوٹوں کی ہمیشہ انتخابات سے قبل بولیاں لگتی آئی ہیں۔ 2018 کے الیکشن میں عوام عادی لوٹوں کو مسترد کر دیں گے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ پارٹی چھوڑ کر جانے والے عارضی لوٹے ہیں، یہ لوگ ہوا کا رخ دیکھ کر اپنی وفاداریاں تبدیل کر لیتے ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب کا جنوبی پنجاب میں کام سب سے بہتر ہے۔

پنجاب میں شہبازشریف اور پاکستان میں نواز شریف کا کام دکھائی دے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ آج ان عادی لوٹوں کی لوٹ سیل لگی ہے جو امپائر کی انگلی کا اشارہ دیکھ کر اپنی وفاداریاں بدل لیتے ہیں۔ یہ وہ لوگ ہیں جنہوں نے نواز شریف کو پارٹی صدارت کا ووٹ نہیں دیا تھا۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ پارٹی چھوڑنے والوں کا ن لیگ سے کوئی تعلق تھا ہی نہیں اور نا ہی ن لیگ کو ان عادی لوٹوں کی ضرورت ہے۔ ساڑھے چار سال میں ان لوگوں نے فنڈز لینے کے باوجود حلقوں میں کچھ نہیں کیا، جنوبی پنجاب کا نعرہ لگانے والوں نے ساڑھے چار سال اس کے لیے آواز نہیں اٹھائی تاہم جاننا ہوگا کہ عادی لوٹوں کو کون نئے خواب دکھاتا ہے۔