عوامی تحریک کا دھرنا، خواتین کارکنان پہنچنے لگیں، سٹیج تیار

Pat Sit

Pat Sit

لاہور (جیوڈیسک) عوامی تحریک نے لاہور مال روڈ پر دھرنے کے لئے تیاریاں مکمل کر لیں، طاہر القادری کا خصوصی کنٹینر اور دیگر سامان ناصر باغ پہنچا دیا گیا، سکیورٹی کیلئے پولیس کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی۔ پاکستان عوامی تحریک کے مطابق دھرنا صرف عوامی تحریک کی خواتین رہنماؤں اور ورکروں پر مشتمل ہوگا جس سے طاہر القادری خصوصی خطاب کرینگے۔

عوامی تحریک کے مال روڈ دهرنے کے لئے خواتین کی آمد شروع ہو گئی، سانحہ ماڈل ٹائون کے شہدا کے انصاف کیلئے مائیں بہنیں بیٹیاں کڑی دهوپ میں سڑک پر بیٹهه گئیں، دهرنے میں کم سن بچے اور بچیاں شریک ہیں۔ شہر کے مختلف علاقوں سے قافلوں کی آمد بھی جاری ہے، طاہر القادری عصر کے بعد دهرنے میں شریک ہوں گے، شیخ رشید، چوہدری سرور، کامل علی آغا سمیت مختلف اپوزیشن جماعتوں کے قائدین بهی دهرنے میں شرکت کریں گے۔

استنبول چوک پر عوامی تحریک کے دھرنے کے لئے سکیورٹی پلان تیار کرلیا گیا۔ دھرنے کے دوران 680 پولیس اہلکار ڈیوٹی سرانجام دیں گےجن میں 3 ڈی ایس پیز، 10 ایس ایچ اوز شامل ہونگے، دھرنے کی جگہ کے اطراف میں کنٹینرز، بیرئیرز لگا دئے گئے۔ عوامی تحریک کے دھرنے پر ٹریفک پلان بھی تشکیل دے دیا گیا ہے، گردونواح میں 50 وارڈنز تعینات کئے جائیں گے جبکہ استنبول چوک آنے والے راستوں کو بھی سیل کر دیا گیا۔