پٹھان کوٹ حملے کے حقائق سامنے لائیں گے: وزیراعظم نواز شریف

Nawaz Sharif

Nawaz Sharif

لندن (جیوڈیسک) وزیراعظم محمد نواز شریف کا لندن پہنچنے کے بعد میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ پاکستان میں بے شمار مسائل ہیں جنھیں اکیلا آدمی حل نہیں کر سکتا۔ ہم ہر کام میں فوج کیساتھ مشاورت کرتے ہیں۔ نیشنل ایکشن پلان اور دہشتگردوں کیخلاف جاری آپریشن ضرب عضب کو بھی مشاورت کیساتھ شروع کیا گیا۔

وزیراعظم نے تسلیم کیا کہ نیشنل ایکشن پلان کے کچھ نکات سست روی کا شکار ہیں۔ انہوں نے نیشنل ایکشن پلان پر تیزی سے کام کرنے پر زور دیا۔ بھارتی ایئر بیس پٹھان کوٹ پر حملے کے بارے میں بات کرتے ہوئے وزیراعظم نے بتایا کہ بھارت کی طرف سے دیئے گئے کچھ شواہد پر تحقیقات کر رہے ہیں۔

اپنے بھارتی ہم منصب نریندرا مودی کو کہا تھا کہ تفتیش کے لیے بھارت کی مزید مدد درکار ہوگی۔ تحقیقات کی درست لائن پر جا رہے ہیں۔ بہت جلد رپورٹ سامنے آ جائیگی۔ وزیراعظم نے کہا کہ پٹھان کوٹ حملے کی تحقیقات کے حقائق کو سامنے لائیں گے۔