پٹھان کوٹ حملہ: تحقیقات کیلئے پاکستانی ٹیم بھارت پہنچ گئی

Pathankot Air Base Attacks

Pathankot Air Base Attacks

پٹھان کوٹ (جیوڈیسک) پٹھان کوٹ ایئر بیس حملے کی تحقیقات کیلئے پاکستان کی 5 رکنی تحقیقاتی ٹیم بھارت پہنچ چکی ہے۔ میڈیا کے مطابق بھارتی حکام کی جانب سے تحقیقاتی ٹیم کو پٹھان کوٹ ائیر بیس پر محدود رسائی دی جائے گی۔

پاکستانی ٹیم دورہ بھارت کے دوران حملے کے زخمیوں سمیت 17 عینی شاہدین اور واقعے میں مبینہ ملوث ایس پی سلویندر سنگھ سے تفتیش کرے گی۔ تحقیقاتی ٹیم حملے میں استعمال ہونیوالے اسلحے کا معائنہ بھی کریگی۔ بھارتی میڈیا کے مطابق تحقیقاتی ٹیم منگل کو بی ایس ایف ائیر کرافٹ کے ذریعے پٹھان کوٹ ائیربیس لے جایا جائے گا تاہم ان کو حملے کی جگہ تک محدود رسائی دے جائی گی۔

بدھ کے روز بھارتی نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی اور پاکستانی تحقیقاتی ٹیم میں میٹنگ ہوگی۔ پنجاب کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کے ایڈیشنل آئی جی محمد طاہر رائے کی سربراہی میں بننے والی تحقیقاتی ٹیم کے ممبروں میں آئی بی لاہور کے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل محمد عظیم ارشد، آئی ایس آئی کے لیفٹیننٹ کرنل تنویر احمد، ایم آئی کے لیفٹیننٹ کرنل عرفان مرزا اور سی ٹی ڈی گوجرانوالہ شاہد تنویر شامل ہیں۔