پیگی وٹسن دنیا کی معمر ترین خلاء نورد بن گئیں

 Peggy Whitson

Peggy Whitson

56 سالہ امریکی خلاء نورد خاتون پیگی وٹسن آج قازقستان کے بیکانور کوسموڈروم سے بین الاقوامی خلائی اسٹیشن کے لیے روانہ ہو گئی ہیں اور اس طرح انہوں نے معمر ترین خلاء نورد کا اعزاز بھی حاصل کر لیا ہے۔

وٹسن سب سے پہلے 2002 میں اور پھر 2007 میں بین الاقوامی خلائی اسٹیشن پہنچی تھیں جب کہ 2007 میں انہوں نے بین الاقوامی خلائی اسٹیشن کی خاتون کمانڈر ہونے کا اعزاز بھی حاصل کیا تھا۔ اس مرتبہ وہ مئی 2017 تک وہاں قیام کریں گی جس دوران وہ فروری 2017 میں دوسری مرتبہ بین الاقوامی خلائی اسٹیشن کمان سنبھال کر خواتین خلاء نوردوں میں ایک نیا عالمی ریکارڈ قائم کریں گی اور 9 فروری 2017 کے روز اپنی 57 ویں سالگرہ بھی بین الاقوامی خلائی اسٹیشن ہی پر منائیں گی۔

وہ آج بیکانور کوسموڈروم، قازقستان سے روسی ’’سویوز‘‘ راکٹ کے ذریعے خلاء میں روانہ ہوئیں۔ ان کے ہمراہ ایک روسی اور ایک فرانسیسی خلاء نورد بھی ہیں۔ 3 افراد کا یہ عملہ ہفتے کے روز بین الاقوامی خلائی اسٹیشن پر پہنچے گا جہاں پہلے ہی ایک امریکی اور دو روسی خلاء نورد موجود ہیں۔

پیگی وٹسن جو بایوکیمسٹری میں اعلیٰ ڈگری رکھتی ہیں بین الاقوامی خلائی اسٹیشن پر اپنے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ مختلف طبّی اور سائنسی تجربات بھی انجام دیں گی۔ جب ان کا مشن ختم ہوگا تو وہ کسی بھی دوسرے امریکی خلاء نورد کے مقابلے میں سب سے زیادہ وقت خلاء میں گزار چکی ہوں گی۔ اب تک یہ اعزاز جیف ولیمز کے پاس ہے جنہوں نے مجموعی طور پر 534 دن خلاء میں گزارے ہیں۔