چیئرمین پیمرا چوہدری رشید کو ایک مرتبہ پھر کام سے روک دیا گیا

Chaudhry Rashid

Chaudhry Rashid

اسلام آباد (جیوڈیسک) اسلام آباد ہائی کورٹ نے چیرمین پیمرا چوہدری رشید کو ایک مرتبہ پھر کام سے روک دیا ہے۔

جسٹس شوکت عزیز صدیقی اور جسٹس اطہرمن اللہ پر مشتمل اسلام آباد ہائی کورٹ کے دو رکنی بینچ نے چیرمین پیمرا چوہدری رشید کی بحالی کے خلاف وفاق کی جانب سے دائر درخواست کی سماعت کی۔

سماعت کے دوران وفاق کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ فاضل بینچ انٹراکورٹ اپیل کی سماعت تک چوہدری رشید کی چیرمین پیمرا بحالی سے متعلق سنگل بنچ کا فیصلہ معطل کرکے انہیں کام سے روک دے۔

عدالت عالیہ نے موقف سننے کے بعد چوہدری رشید کو تاحکم ثانی چیئرمین پیمرا کی حیثیت سے کام سے روک دیا ہے۔

واضح رہے کہ چوہدری رشید احمد کو صدر ممنون حسین نے 2013 میں وزیر اعظم نواز شریف کی ایڈوائس پر برطرف کیا تھا تاہم اسلام آباد ہائی کورٹ نے ہی گزشتہ ماہ چوہدری رشید کو ان کے عہدے پر بحال کیا تھا۔