دم پر پاؤں آنے سے لوگ میرے خلاف محاذ کھڑے کرتے ہیں: چودھری نثار

 Chaudhry Nisar Ali Khan

Chaudhry Nisar Ali Khan

اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیر داخلہ چودھری نثار نے پریس کانفرنس کے دوران اپنے حریفوں پر جھپٹنا، پلٹنا، پلٹ کر جھپٹنا کے مصداق خوب تنقید کی۔

ان کا کہنا تھا کہ جو ناک اور منہ چڑھا کر منفی تنقید کرتے ہیں، وہ پسندیدہ بن جاتے ہیں، انگلیاں اٹھانے والے دشمن کے عزم کو مضبوط کرتے ہیں۔

چودھری نثار نے بے جا تنقید کرنے والوں کو یہ مشورہ بھی دیا کہ دہشت گردی پر پوائنٹ اسکورنگ سے باز رہیں۔ وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ ایک پارٹی نے اپنا 5 سالہ دور اقتدار سو کر گزارا اور اب سب سے زیادہ تنقید بھی وہی کرتے ہیں۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ نفسیاتی جنگ جیتنے کے لئے میڈیا کو متحرک کرنا ضروری ہے۔ وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان نے مزید کہا ہے کہ پاکستان میں داعش کا کوئی وجود نہیں، صرف ایشو بنایا جا رہا ہے۔ آخری دہشتگرد کے خاتمے تک جنگ جاری رکھنے کا عزم کر رکھا ہے، پیچھے نہیں ہٹیں گے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ وفاق المدارس اور حکومت کے درمیان مدارس کی رجسٹریشن پر اتفاق ہو گیا ہے، وزیر اعظم اور آرمی چیف کی موجودگی میں وفاق المدارس کا اجلاس بلانے کی تیاری کر رہے ہیں۔