عوام نے فیصلے پر فیصلہ سنا دیا، ان کے ساتھ بھی مقابلہ تھا جو نظر نہیں آتے۔ مریم نوا

Maryam Nawaz

Maryam Nawaz

لاہور (جیوڈیسک) این اے 120 میں کلثوم نواز کی فتح کے بعد ماڈل ٹاؤن میں وکٹری سپیچ کرتے ہوئے مریم نواز مخالفین پر خوب گرجیں برسیں، کہتی ہیں مسلم لیگ ن کے شیرو! بہت بہت مبارک ہو، کامیابی پر اللہ کا کروڑ دفعہ شکر ادا کرو، میاں صاحب! لاہور کہہ رہا ہے “وی لو یو”، مسلم لیگ ن اکیلی کھڑی تھی، آپ کا مقابلہ ان کے ساتھ بھی تھا جو نظر نہیں آتے لیکن عوام نے فیصلے پر فیصلہ سنا دیا۔

آج وہ سب ہارے جنہوں نے نواز شریف کے گرد گھیرا ڈالا تھا، ہمارے کارکنوں پر کالے کپڑے ڈال کر گھروں سے اٹھایا گیا، ابھی تک امجد نذیر بٹ لاپتہ ہیں اور یو سیز کے کئی اور لوگ بھی غائب ہیں، جب کل مجھے معلوم ہوا اور میں نے اپنے کارکنوں کو فون کئے تو وہ بولے، باجی! فکر نہ کریں، یہ تو کچھ بھی نہیں، ہم نے بڑے بڑے آمروں کا مقابلہ کیا ہوا ہے۔

مریم نواز نے مزید کہا کہ شیر کی پرچی رکھنے والوں کو کہا گیا کہ تمہارا ووٹ نہیں ہے، دوسری جماعت کی پرچی والوں کیلئے آسانیاں پیدا کی گئیں، تم ایسے ہتھکنڈوں سے عوام کی طاقت کو نہیں روک سکتے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ عمران خان رو رہا ہو گا۔ اس کے رونے کا وقت ہے۔

مریم نواز بولیں، انتخابی مہم کے دوران لوگوں نے مجھ سے کہا، ہمیں پتہ ہے نواز شریف اکیلا لڑ رہا ہے، جیہڑا کلا، اوہدے نال اللہ، آپ نے نواز شریف کیخلاف ساری سازشوں کو ناکام بنایا، آپ نے فیصلہ کر دیا کہ عوام کی حکمرانی چلے گی اور وہی قبول ہو گا جس کے پیچھے عوام کھڑے ہوں گے۔

سابق وزیر اعظم کی صاحبزادی نے کہا کہ ہاتھ اٹھا کر وعدہ کرو کہ ووٹ کی حرمت کی جنگ میں نواز شریف کا ساتھ دو گے اور نواز شریف کیخلاف ہر سازش میں دیوار بن کر کھڑے ہو جاؤ گے، میں بھی وعدہ کرتی ہوں کہ این اے 120 کے مسائل کو دن رات ایک کر کے حل کروں گی، دعا کرو کہ ماں صحتیاب ہو کر گھر آ جائے، میں اور میری ماں آپ لوگوں کی خدمت میں حاضر رہیں گے۔