غیرتربیت یافتہ لوگوں نے تعلیم کا حلیہ بگاڑ کر رکھ دیا، مفتی محمد نعیم

Mufti Mohammad Naeem

Mufti Mohammad Naeem

کراچی : بین الاقوامی دینی درسگاہ جامعہ بنوریہ عالمیہ سائٹ ٹاؤن میں (دورۃ المدرسین للحلقات القرآنیہ )کے عنوان سے معلمین اور معلمات کی ترتیب کیلئے 15روزہ خصوصی کورس کا آغازکردیاگیا جس میں اندورون سندھ باالخصوص شہر بھر سے تعلق رکھنے والے 200سے زائد مدرسین اور معلمات شریک ہیں ، معلمات کیلئے شعبہ بنات میں کلاسوں کا انتظام کیا گیا ہے۔

ترجمان کے مطابق جامعہ بنوریہ عالمیہ نے امسال مدارس دینیہ کی 2 ماہ کی سالانہ چھٹیوں کے موقع پر معلمین ومعلمات کی تربیت کے حوالے سے 15 روزہ کورس کا آغاز کیا ہے جس میں معلمین اور معلمات کوماہر اساتذہ تجربے کی روشنی میں طریقہ تدریس ،انداز بیان کے حوالے سے ماہرین کے لیکچرز اور پروجیکٹر پر خصوصی تربیت دی جائے گی ،کورس میں حصہ لینے والے مدرسین کی عملی مشق کیلئے انہیں آزمائشی کلاسوں میں بیٹھایا جائے گاتاکہ لیکچرز سے حاصل ہونے والی معلومات اور مہارت کا اجراء ہوسکے،بدھ کو 15روزہ تربیت معلمین ومعلمات کورس کی افتتاحی تقریب کا انعقاد کیاگیا اس موقع پر رئیس وشیخ الحدیث مفتی محمدنعیم نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ تعلیم کے حصول کیلئے دور حاضر کی جدید سہولیات سے مستفیدہوناچاہیے ایک معلم اپنے شاگردوں کیلئے مثال ہوتاہے اسلئے معلمین اور معلمات کی تربیت طلبہ وطالبات کی تربیت سے زیادہ ضروری ہے۔

ایک استاد ہی ہوتا ہے جس کی شاگردی میں رہ کر بچہ مستقبل کااستاد، مفتی ،قاری ،عالم ، سیاستدان ،لیکچراراور اسکالر بنتاہے جس استاد کی تربیت اچھی ہوتی اس کے شاگر بھی اچھی تربیت کے حامل ہوتے ہیں ، غیرتربیت یافتہ لوگوں نے تعلیم کاحلیہ بگاڑکر رکھ دیا ، تربیت معلمین و معلمات کورس تدریسی تربیت فراہم کریگا، انہوں نے کہاکہ جامعہ بنوریہ عالمیہ میں شعبہ حفظ کی انتظامیہ نے اساتذہ کی تربیت کیلئے 15روزہ کورس کا اجراء کرکے ایک اہم ذمہد اری نباہی ہے جو قابل تحسین اور قابل فخر ہے۔

انہوں نے کہاکہ ہمارے معاشرے میں اساتذہ کی تربیت پر کوئی خاص توجہ نہیں دی جاتی جس کے باعث طلبہ کے اندر موجودہ صلاحتیں نکھر کر نہیں آتی ، انہوں نے کہاکہ ایک بہترین معاشرے کی تشکیل میں خواندہ افراد کا تعلق انتہائی اہمیت کا حامل ہے اور تربیت یافتہ اساتذہ ہی کی مرہون معاشرہ ترقی کے منازل طے کرتاہے ۔اس موقع پر جامعہ بنوریہ عالمیہ کے ناظم تعلیمات مولانا عبدالحمید خان غوری ، ایڈمنسٹریٹر مولانا غلام رسول ،شعبہ حفظ کے نگران ،قاری عبدالمنان سمیت دیگرعلماء کرام بھی موجود تھے۔