چھوٹا سا ٹولہ عوام کو غریب کر کے منی لانڈرنگ کر رہا ہے: عمران خان

Imran Khan

Imran Khan

سیالکوٹ (جیوڈیسک) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے شہر اقبال میں ایک بڑے جلسۂ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایک طرف سنہری دور ہے اور دوسری طرف تباہی کا راستہ، وزیر اعظم نے کہا کہ کرپشن کو پکڑیں یا ترقیاتی کام کریں، سنگاپور میں کرپشن پر ہاتھ ڈالا گیا تو ملک ترقی کر گیا، کرپشن سے ملک آگے نہیں بڑھ سکتا۔

عمران خان نے وزیر اعظم کو مخاطب کرکے کہا میاں صاحب! جب کرپشن نہیں پکڑی جاتی تو ذاتی بینک اکاؤنٹس ترقی کرتے ہیں، ایک چھوٹا سا ٹولہ قوم کو غریب کر کے منی لانڈرنگ کرتا ہے، ہم جتنے ممالک سے قرضے لیں گے، اتنی ہی اپنی آزادی کھو دیں گے۔ عمران خان نے کہا کہ قرضے حکمران لیتے ہیں، سود عوام ادا کرتے ہیں، نواز شریف کو پتہ ہے کہ کرپشن کا خاتمہ کیا تو خود پکڑے جائیں گے۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے مزید کہا، پاکستانیو! آج ہم اہم موڑ پر کھڑے ہیں، کیا ہم نے قرضے لینے ہیں یا اداروں کو مضبوط کرنا ہے؟ نواز شریف اگر کرپشن ختم کرنے کیلئے قدم اٹھائیں گے تو خود پکڑے جائیں گے، نیب میں نواز شریف کیخلاف 13 کیسز ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ترقی کرنے والی قومیں ادارے مضبوط کرتی ہیں، اداروں کے مضبوط ہونے سے سرمایہ کاری ہوتی ہے۔

سرمایہ کاری کیوجہ سے ملک میں خوشحالی آتی ہے، خیبر پختونخوا میں پہلی دفعہ پرائیویٹ سکولوں سے 34 ہزار بچے سرکاری سکولوں میں گئے اور پہلی دفعہ سڑک پر بھیک مانگنے والے بچوں کو “میرا گھر” میں اچھی تعلیم دے رہے ہیں، تبدیلی ایک ایک سڑک کے چار، چار دفعہ فیتے کاٹ کر نہیں آتی، تبدیلی ملک میں انصاف کا نظام دینے سے آتی ہے، تبدیلی تعلیم کے نظام پر پیسہ خرچ کرنے سے آتی ہے، ایشیئن ٹائیگر ممالک نے سب سے پہلے تعلیم دی۔

عمران خان نے اعتراف کیا کہ پہلی باری میں ہمارے پاس تجربہ نہیں تھا، پولیس کا نظام کرپٹ ہونے سے ملک میں خوشحالی نہیں آتی، بیرون ملک رہنے والے پاکستانی جنگل کے قانون کیوجہ سے پیسہ نہیں لگاتے، پہلے لوگ خیبر پختونخوا میں آنے سے ڈرتے تھے مگر اب سیاح آ رہے ہیں، جب ہمارے ملک میں شریف برادران جیسے لوگ فون کر کے فیصلے کراتے ہوں تو اس ملک میں کیا انصاف ہو گا؟

انہوں نے مزید کہا کہ خیبر پختونخوا میں نظام بہتر ہونے سے چینی سرمایہ کاری آ رہی ہے۔ عمران خان نے سیالکوٹ کے سرمایہ کاروں کو بھی خیبر پختونخوا میں سرمایہ کاری کرنے کی دعوت دی۔ ان کا کہنا تھا کہ وہاں سیالکوٹ کے سرمایہ کاروں کو کوئی رشوت نہیں دینا پڑے گی، انہیں دبئی جیسا ماحول دیں گے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ میرا خواب ہے کہ ایک دن آئے کہ ہمیں کسی کو زکوٰۃ نہ دینا پڑے، سی پیک کیوجہ سے لوگ پاکستان نوکریاں ڈھونڈنے آئیں گے، یہ ایسا پاکستان ہو گا کہ ہم بھارت کے غریبوں کو امداد بھیجیں گے، مجھے وہ دن دور نظر نہیں آ رہا جب قوم چوروں، ڈاکوؤں کو برداشت نہیں کرے گی، پاکستانی قوم زندہ قوم بننے جا رہی ہے اب کسی میں ناانصافی کی جرات نہیں ہو گی۔