این اے 120 کی عوام نے میرے موقف پر مہر لگائی، نواز شریف

Nawaz Sharif

Nawaz Sharif

اسلام آباد (جیوڈیسک) سابق وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ این اے 120 کے ضمنی انتخاب میں عوام نے میرے موقف پر مہر لگائی ہے۔

سابق وزیر اعظم نواز شریف اہلیہ کلثوم نواز کے علاج کے غرض سے لندن میں مقیم ہیں۔

چند روز قبل ہی مریم نواز اور اسحاق ڈار بھی لندن پہنچے تھے جب کہ وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی بھی اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اجلاس میں شرکت کے بعد لندن پہنچے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ لندن میں نوازشریف کے صاحبزادے حسن نواز کے دفتر میں ایک مشاورتی اجلاس ہوا جس میں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور حسین نواز سمیت دیگر اہم رہنما بھی شریک تھے۔

اجلاس میں ملکی سیاسی صورتحال اور نیب ریفرنسز سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ جی ٹی روڈ پر درست موقف اپنایا جس پر این اے 120 کے ضمنی انتخاب میں پاکستان کے عوام نے مہر لگائی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم سے کہا ہے کہ ذاتی طور پر انویسٹی گیشن کریں کہ کارکن کیوں غائب ہوئے اور ایسے واقعات قوم کے لیے باعث فکر ہونے چاہئیں۔

کالعدم تنظیموں کے ضمنی انتخاب میں حصہ لینے سے متعلق سوال پر کا کہنا ہے کہ اس طرح کے واقعات سے جمہوری قوتوں کو نقصان پہنچے گا جس سے حالات عجیب رخ اختیار کرسکتے ہیں۔