عوام ووٹ کی طاقت سے کراچی کو تباہ و برباد کرنے والوں کا احتساب کریں، منعم ظفر خان

Election Office Opning

Election Office Opning

کراچی : امیر جماعت اسلامی ضلع وسطی و یونین کمیٹی 29 واٹر پمپ سے چیئرمین کے امیدوار منعم ظفر خان نے کہا ہے کہ عوام ووٹ کی طاقت سے کراچی کو تباہ و برباد کرنے والوں کا احتساب کریں۔کراچی کے عوام جماعت اسلامی پر اعتماد کر کے شہر ہی نہیں ملک کی تبدیل بھی بدل سکتے ہیں 5دسمبر کے بعد کراچی کی رونقیں ایک بار پھر بحال ہوں گی ۔عوام ساتھ دیں تو کراچی کو دنیا کے لیے ایک ماڈ ل سٹی بنائیں گے۔

بلدیاتی انتخابات کراچی آپریشن کی شفافیت کا امتحان ہوں گے ۔عوام کا حق ہے کہ کراچی میں آزادانہ اور شفاف انتخابات کا انعقاد یقینی بنایا جائے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے یونین کمیٹی 29 واٹر پمپ پر الیکشن آفس کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر وائس چیئرمین کے امیدوار، کونسلرز اور عوام کی بڑی تعداد موجود تھی۔ انہوں نے کہا کہ آپ کے علاقے میں قائم کراچی انسٹیٹیوٹ آف ہارٹ ڈیزیز اور شہر بھر میں خوبصورت پارک بھی سابق سٹی ناظم کراچی نعمت اللہ خان کا کارنامہ ہے۔

شہر کراچی میں قائم عبدالستار افغانی کے دور میں عائشہ منزل میں مرکز اسلامی کے نام سے علمی و ادبی عمارت قائم کی گئی، جسے بعد ازاں آنے والوں نے سینما ہال میں تبدیل کردیا جس پر جماعت اسلامی نے شدید احتجاج بھی کیا، ہم اقتدار میں آئے تو مرکز اسلامی کو اس کی اصل حالت میں بحال کریں گے، انہوں نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی نے اقتدار میں نہ ہونے کے باوجود عوامی خدمت کے بہت سے پروجیکٹ قائم کئے ہیں ۔ جن میں شہر بھر میں واٹر فلٹریشن پلانٹ کا قیام بھی شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے پاس کراچی کے مستقبل کو بہتر بنانے کے لیے بلدیاتی انتخابات ایک سنہری موقع ہے۔

عوام ووٹ کی طاقت سے جماعت اسلامی کو کامیاب بنائیں ۔جماعت اسلامی ثابت کرے گی کہ جب بھی عوام نے جماعت اسلامی پر اعتماد کا اظہار کیا ہے جماعت اسلامی عوام کے اعتماد پر پورا اتری ہے ۔کراچی کی سڑکیں تباہ ہیں ۔ہسپتالو ں میں سہولتیں میسر نہیں ہیں ۔میرٹ کا قتل عام کیا گیا۔ صلاحیت کے باوجود نوجوان روزگا ر سے محروم ہیں ۔کراچی کے عوام 5دسمبر کو بلدیاتی انتخابات میں ان حالات سے نجات حاصل کرسکتے ہیں ۔ عوام کو یہ موقع مل رہا ہے کہ اس شہر کو استنبول اور شنگھائی جیسا شہر بنانے کے لیے ایسی قیادت کو ووٹ دیں جو کراچی کو حقیقی معنوں میں ترقی دے۔ جماعت اسلامی کراچی کی قیادت نے بہتر حکمت عملی کے ساتھ میدان میں اترنے کا فیصلہ کیا ہے اور ہم نے پی ٹی آئی کے ساتھ مفاہمت کی ہے ہم انشاء اللہ کراچی کو ایک ماڈل سٹی بنائیں گے۔