ایک شخص سیاست کیلئے عدلیہ کا کندھا استعمال کر رہا ہے: سعد رفیق

Khawaja Saad Rafique

Khawaja Saad Rafique

ملتان (جیوڈیسک) وفاقی وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق کہتے ہیں عدالتوں اور فوج کی طرح پارلیمنٹ کا احترام بھی لازم ہے، ایک شخص سیاست کیلئے عدلیہ کا کندھا استعمال کر رہا ہے، اداروں کے درمیان فاصلے سے ریاست کو فائدہ نہیں ہو گا۔

وفاقی وزیر ریلویز ملتان میں میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ اس موقع پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایک شخص سیاست کیلئے عدلیہ کا کندھا استعمال کر رہا ہے لیکن ہم عدلیہ کا احترام کرتے ہیں اور کرتے رہیں گے۔

سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے کہا کہ ہر ادارے کو اپنے دائرہ اختیار میں کام کرنا چاہئے، میں پیشگوئی پر یقین نہیں رکھتا تاہم، مجھے جو خدشات تھے وہ دور ہو گئے ہیں، سینیٹ کے انتخابات اور عام انتخابات وقت پر ہوں گے، تمام پاکستانیوں کے لئے ایک ہی قانون ہونا چاہئے۔ ایاز صادق نے یہ بھی کہا کہ پارلیمنٹ کیلئے عمران خان کے الفاظ پر دکھ ہوا، سکھر بیراج کے حوالے سے خورشید شاہ کے تحفظات دور کریں گے۔

واضح رہے کہ لیگی رہنماء سینئر سیاستدان مخدوم جاوید ہاشمی کی صاحبزادی کی شادی کی تقریب میں شرکت کیلئے ملتان پہنچے تھے۔ مخدوم جاوید ہاشمی کی صاحبزادی کی شادی میں صدر ممنون حسین، گورنر رفیق رجوانہ، احسن اقبال، یوسف رجا گیلانی، شاہ محمود قریشی، حامد سعید کاطمی اور لیاقت بلوچ سمیت متعدد سیاسی و سماجی شخصیات نے شرکت کی۔