پشاور : غازی گڑھی سمیت متعدد علاقے زیر آب آ گئے

Peshawar Flash Flood

Peshawar Flash Flood

پشاور (جیوڈیسک) پشاور میں مسلسل بارش کی وجہ سے غازی گڑھی سمیت متعدد دیہات زیر آب آ گئے۔ بٹہ تل پُل کی مارکیٹ میں سیلابی ریلہ داخل ہونے سے تیس سے زائد دکانیں بہہ گئیں۔

پشاور اور شیخان کے درمیان رابطہ پل زیر آب آ گیا۔ گرجتی برستی کالی گھٹائیں، چنگھاڑتا شور مچاتا پانی جہاں سے گزرا، تباہی مچا گیا، بلاخیز موجیں، جڑوں سے اکھڑے درخت، گھروں کا سامان ساتھ بہا لے گئیں۔ سیلابی ریلے کا پانی گھروں میں داخل ہو گیا۔

لوگ اپنی مدد اپ کے تحت گھروں سے پانی نکال رہے ہیں۔ منہ زور پانی جہاں جہاں سے گزرا، مکینوں کو بے آسرا کر گیا۔ قیامت خیز ریلے سے بٹہ تل کے مقام پر رابطہ پل بری طرح متاثر ہوا جس کی وجہ سے لوگوں کا رابطہ منقطع ہو گیا۔

40 کنال اراضی بھی سیلابی ریلے میں بہہ گئی۔ زمین کٹاؤ کا شکار ہو نے سے علاقہ مکینوں میں خوف و ہراس پایا جاتا ہے۔ ادھر محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں تک وقفے وقفے سے بارش جاری ر ہے گی۔