پشاور : خواجہ سرا کے قتل کا مرکزی ملزم فضل گجر گرفتار

Arrested

Arrested

پشاور (جیوڈیسک) پشاور میں خواجہ سرا علیشاہ کے قتل کے مرکزی ملزم فضل گجرکو گرفتار کر لیا گیا۔ دوسری جانب لیڈی ریڈنگ ہسپتال میں خواجہ سرا کے ساتھ امتیازی سلوک کی تحقیقات کے لیے چار رکنی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔

پشاور میں خواجہ سرا علیشا کے قتل کیس میں پولیس کو بڑی کامیابی ملی، مرکزی ملزم فضل گجر کو گرفتار کرکے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا۔ دیگر ملزموں کو پولیس پہلے ہی گرفتار کر چکی ہے۔ ایک ہفتے پہلے فائرنگ سے زخمی ہونے والے خواجہ سرا علیشا نے اپنے نزعی بیان میں ملزموں کو نامزد کیا تھا۔

علیشاہ کو سہولیات نہ ملنے پر لیڈی ریڈنگ ہسسپتال انتظامیہ بھی کڑی تنقید کی زد میں ہے ۔ وزیر اعلیٰ پرویز خٹک کی ہدایت پر ہسپتال حکام نے تحقیقات کے لیے چار رکنی کمیٹی قائم کی ہے ۔ کمیٹی سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے واقعے کی جانچ پڑتال کرے گی جس کی رپورٹ پیرکو پیش کی جائے گی۔

علیشا کے علاج کے دوران ہسپتال میں ڈیوٹی پر مامور ملازمین سے بھی پوچھ گچھ کی جائے گی ۔ عوام بھی خواجہ سرائوں کے ساتھ ہسپتال میں زیادتی پر ان کے ساتھ انصاف چاہتے ہیں ۔ مرکزی ملزم کی گرفتاری اور ہسپتال میں امتیازی رویے کے مرتکب ملازمین کے خلاف کارروائی سے خواجہ سرائوں کے دکھ کچھ کم ہو سکیں گے۔