پشاور ہائیکورٹ، عمران خان توہین عدالت کیس، ایڈووکیٹ کو پیش ہونے سے روک دیا

Peshawar High Court

Peshawar High Court

پشاور (جیوڈیسک) پشاور ہائیکورٹ میں عمران خان کے خلاف توہین عدالت کیس کی سماعت ہوئی، عدالت نے ایڈووکیٹ جنرل کو عمران خان کی جانب سے کیس میں پیش ہونے سے روک دیا اور کیس لارجر بنچ کو منتقل کر دیا۔

پشاور ہائیکورٹ میں ہیلتھ کوآرڈنیشن کونسل کی جانب سے عمران خان کے خلاف توہین عدالت کیس کی سماعت ہوئی، کیس کی سماعت چیف جسٹس مظہرعالم میاں خیل پرمشتمل دو رکنی بنچ نے کی، عمران خان کی جانب سے ایڈووکیٹ جنرل عدالت میں پیش ہوئے اور دو ہفتوں کی مہلت طلب کی تاہم چیف جسٹس نے انہیں عمران خان کے وکیل کی حیثیت سے پیش ہونے سے روک دیا۔

چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ جسٹس مظہرعالم میاں خیل نے ریمارکس دیتےہوئے کہا کہ ایڈووکیٹ جنرل عمران خان کی جانب سے پیش نہیں ہو سکتے وہ حکومت کے نمائندے ہیں اور صرف ان کی ہی نمائندگی کرسکتے ہیں۔

عدالت نے ہیلتھ کوآرڈنیشن کونسل کے وکیل محب اللہ کا کاخیل کی درخواست پر کیس لارجر بنچ کو منتقل کر دیا، کیس کی سماعت دو دسمبر تک ملتوی کر دی گئی۔