پشاور نے کراچی کو شکست دے کر قومی ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ جیت لیا

Cricket

Cricket

راولپنڈی (جیوڈیسک) قومی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹورنامنٹ کے فائنل میں پشاور ریجن نے کراچی بلیوز کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر دوسری مرتبہ ٹی ٹوئنٹی کے قومی چیمپیئن ہونے کا اعزاز حاصل کرلیا۔

راولپنڈی کے کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پشاور ریجن کراچی بلیوز کی جانب سے 178 رنز کا ہدف 19 ویں اوور میں ہی پورا کرلیا جب پشاور ریجن کے محمد رضوان اور افتخار احمد کی جارحانہ بیٹنگ نے ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔

محمدرضوان نے جارحانہ بلے بازی کرتے ہوئے 34 گیندوں پر ایک چھکے اور 8 چوکوں کی مدد سے 58 رنزبنائے اور ناقابل شکست رہے جب کہ افتخار احمد نے بھی 4 چھکوں اور 2 چوکوں کی مدد سے 40 گیندوں پر 57 رنز بناکر کریز پر موجود رہے۔ پشاور کے سلامی بلے باز رفعت اللہ نے بھی عمدہ بلے بازی کا مظاہرہ کیا اور23 گیندوں پر 43 رنز بنا کر انور علی کا شکار ہوئے۔ کراچی بلیوز کے عبد الامیر اور شاہد آفریدی نے ایک،ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل پشاور ریجن نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو کراچی بلیوز نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 177 رنز بنائے۔ کراچی بلیوز کی جانب سے خرم منظور نے 41 اور سرفراز احمد 47 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے جب کہ شاہد آفریدی صرف 15 رنز بنا سکے۔

ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والے بولر عمران خان جونئیر نے اس میچ میں بھی عمدہ بولنگ کرتے ہوئے 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی اس کے علاوہ پاکستان کی قومی ٹیم کی نمائندگی کرنے والے فاست بولر عمران خان نے 2 اور کپتان زوہیب خان نے ایک وکٹ حاصل کی۔