پشاور : چوہا گردی جاری، 24 گھنٹے میں 21 افراد ہسپتال پہنچ گئے

Rats

Rats

پشاور (جیوڈیسک) چوہے کسی صورت قابو میں آنے کو تیار نہیں۔ خونخوار چوہے شہریوں کیلئے دن بدن خطرناک بنتے جا رہے ہیں۔

شہر کے سب سے بڑے ہسپتال لیڈی ریڈنگ کے ریکارڈ کے مطابق رواں ماہ اب تک 321 افراد چوہوں کا شکار بنے ہیں، جنہیں یہاں علاج کیلئے لایا گیا ہے۔

ہسپتال انتظامیہ کے مطابق چوہوں کے کاٹنے کے باعث روزانہ پندرہ سے بیس افراد کو لایا جا رہا ہے جس میں اسی فیصد تعداد بچوں کی ہے۔ بھاری بھر کم جسامت والے یہ چوہے گزشتہ تین ماہ سے پشاور میں پھیلے ہوئے ہیں۔

حسن گڑھی، فقیر آباد، نشتر آباد اور اندرون پشاور چوہوں کے کاٹنے کے واقعات نے یہاں کے لوگوں کو دہشت زدہ کر رکھا ہے۔

شہری پریشان ہیں کہ چوہوں نے تو ان کی ناک میں دم کر رکھا ہے لیکن صوبائی اور ضلعی حکومتیں بھی اس معاملے کو مذاق سے زیادہ کچھ نہیں سمجھ رہیں۔