پشاور پینتھرز نے لاہور لائنز کو شکست دیکر ڈومیسٹک ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا

Peshawar Panthers

Peshawar Panthers

کراچی (جیوڈیسک) ڈومیسٹک ٹی ٹوئنٹی کپ کے فائنل میں پشاور پینتھر نے لاہور لائنز کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر ملک کی سب سے بہترین ٹیم کا اعزاز حاصل کرلیا۔ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ہونے والے ٹورنامنٹ میں ملک بھر سے 18 ڈومیسٹک ٹیموں نے حصہ لیا۔

اور فائنل میں پشاور پینتھرز اور لاہور لائنز مدمقابل آئیں تاہم ٹیم میں کوئی نامور کھلاڑی نہ ہونے کے باوجود پشاور پینتھرز نے اپنے سے مضبوط لاہور لائنز کو شکست دے کر ٹورنامنٹ کی چیمپئنز بن گئی، لاہور لائنز کے کپتان اظہر علی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

جو کارگر ثابت نہ ہوسکا اور پوری ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 133 رنز تک ہی محدود رہی، ٹیم کے بڑے بڑے نام کوئی نمایاں کارکردگی پیش نہ کرسکے، کامران اکمل 4 رنز بنا سکے جبکہ کپتان اظہر علی بھی 16 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

اسی طرح عابد علی 22، فہد الحق 1، تنزیل الطاف 11، محمد عرفان 5 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تاہم پشاور پینتھرز کے بولرز کے سامنے امام الحق ڈٹے رہے اور 41 گیندوں پر 52 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے، پشاور پینتھرز کی جانب سے تاج علی نے 3، عمران خان نے 2 اور افتخار احمد نے ایک وکٹ حاصل کی۔

133 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پشاور پینتھرز کے اوپنرز نے 43 رنز کی شراکت قائم کرتے ہوئے ٹیم کو بہترین آغاز فراہم کیا۔ اسرار اللہ 20 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ رفیع اللہ مہمند بھی 47 کے مجموعے پر پویلین لوٹ گئے۔

افتخار احمد نے ناقابل شکست 50 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کو کامیابی دلانے میں اہم کردار ادا کیا اور پشاور پینتھرز نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 19.2 اوورز میں ہدف حاصل کرلیا، بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر افتخار احمد اور تاج ولی کو مشترکہ طور پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔

واضح رہے کہ لاہور لائنز کی اے ٹیم محمد حفیظ کی قیادت میں ان دنوں بھارت میں چیمپئنز لیگ میں شریک ہے جبکہ ڈومیسٹک ٹیم میں لاہور لائنز کی جانب سے بی ٹیم نے حصہ لیا جس کی قیادت اظہر علی نے کی۔