پشاور میں یکے بعد دیگرے دو دھماکے، پولیس اہلکار شہید، 9 زخمی

Peshawar Blast

Peshawar Blast

پشاور (جیوڈیسک) نواحی علاقے متھرا میں دو دھماکوں میں ایک پولیس اہلکار جاں بحق اور نو زخمی ہو گئے۔ پولیس کے مطابق متھرا کے علاقے اسلم ڈھیری میں نامعلوم افراد نے پروفیسر ڈاکٹر اکبر نامی شخص کے گھر کے قریب بارودی مواد نصب کیا ہوا تھا۔

انسداد پولیو ٹیم جیسے ہی اس جگہ پہنچی دھماکہ ہو گیا۔ دھماکے میں دو افراد زخمی ہو گئے۔ پولیس اور بم ڈسپوزل یونٹ کا عملہ موقع پر پہنچ گیا۔

بی ڈی یو ابھی جائے وقوعہ کا معائنہ ہی کر رہا تھا کہ دوسرا دھماکہ ہو گیا جس میں پولیس اہلکاروں سمیت آٹھ افراد زخمی ہو گئے۔ ایک زخمی پولیس اہلکار زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔

واقعے کے بعد پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ تاہم کوئی گرفتاری عمل میں نہیں لائی جا سکی۔

زخمیوں میں ایک ایدھی اہلکار بھی شامل ہے۔ پشاور اور مضافاتی علاقوں میں سہ روزہ انسداد پولیو مہم کا آج آخری روز ہے۔