پشاور میں بارش کے بعد بڈھنی نالہ بپھر گیا، لوگ پناہ گاہوں کی تلاش میں دربدر

Peshawar Rain

Peshawar Rain

پشاور (جیوڈیسک) اتوار کی صبح سے شروع ہونیوالی موسلا دھار بارش نے جہاں موسم کی شدت کو کم کر دیا وہیں پر شہر کے مختلف علاقوں میں پانی بھی کھڑا ہو گیا جس کے باعث ٹریفک کی روانی بند ہو گئی۔

خیبر ایجنسی میں ہونیوالی طوفانی بارشوں کا ریلہ بڈھنی کے مقام پر پہنچ گیا۔ پانی کی شدت میں مسلسل اضافہ کے باعث مقامی لوگوں نے گھروں سے نکلنا شروع کر دیا۔ سیلابی ریلے نے بڈھنی نالے کے کنارے پر واقع گھروں کو بھی متاثر کر دیا۔

ریلے کے باعث مقامی پولیس نے موقع پر پہنچ کر خطرے کے پیش نظر چارسدہ روڈ کو ٹریفک کیلئے کر دیا۔ سڑک کی بندش کے باعث لوگوں کی پیدل آمدورفت بھی معطل ہو کر رہ گئی۔ انتظامیہ نے نئے پل کی تعمیر بھی شروع کی ہے تاہم تعمیراتی کام کی سست روی پر شہری انتظامیہ کو قصوروار قرار دیتے ہیں۔

ایمرجنسی کی صورتحال پر پاک آرمی کی ٹیم بھی موقع پر پہنچ گئی جس نے روڈ کو کچھ دیر کیلئے ٹریفک کیلئے بند کر دیا۔ انتظامیہ نے بڈھنی پل کی سائیڈ پر تجاوزات کے خلاف آپریشن بھی شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔

پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ نے اس سلسلے میں اقدامات شروع کر دیئے ہیں۔ بارشوں کے باعث مختلف علاقوں کا زمینی رابطہ بھی منقطع رہا جبکہ بجلی بھی معطل رہی۔

پاک فوج کے ساتھ ساتھ پولیس اور ریسکیو ٹیموں کی جانب سے بھی امدادی کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔