پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ظالمانہ اقدام، واپس لیا جائے: آصف زرداری

Asif Ali Zardari

Asif Ali Zardari

کراچی (جیوڈیسک) سابق صدر آصف علی زرداری نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کو ظالمانہ اقدام قرار دے دیا۔ بلاول بھٹو زرداری نے بھی پٹرول کی قیمت بڑھانے کی سخت الفاظ میں مذمت کی۔

آصف علی زرداری کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ظالمانہ اقدام ہے،اس اقدام سے مہنگائی میں اضافہ ہوگا۔ ان کا کہنا ہے کہ حکومت عوام کا خون نچوڑ رہی ہے، حکومتی معاشی پالیسی غریب دشمن ہے، سابق صدر نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کیا گیا اضافہ فوری طور واپس لے۔

دوسری جانب چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے پٹرول کی قیمتوں میں اضافے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے اپنے ایک بیان میں حکومت سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں فوری کم کرنے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ اگر قیمتیں فوری کم نہ کی گئیں تو احتجاج کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا وقت آگیا ہے کہ عوام اٹھ کھڑے ہوں، نواز حکومت نے پاکستانی عوام کو قرضوں کے دلدل میں دھونس دیا۔ بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ حکومت نے ہر پاکستانی کے گھر پر پٹرول بم گرا دیا، قیمتیں بڑھانا عوام کے خلاف انتقامی کاروائی ہے۔

کسینو معشیت کے ذریعے عوام کو لوٹا جا رہا ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا عوام غربت کی چکی میں پسے جا رہے ہیں اور حکمران بانسری بجا رہے ہیں، پیپلزپارٹی حکمرانوں کی عیاشیوں کا بوجھ عوام پر ڈالنے نہیں دے گی۔