خدمت خلق راحت قلب کا ذریعہ

Girl Give Water to Beggar

Girl Give Water to Beggar

تحریر : رانا اعجاز حسین
افراتفری و انتشار سے بھرے معاشرے میں محض یوں معلوم ہوتا ہے کہ جیسے دنیا میں صرف مفاد پرست اور خود غرض انسان ہی بستے ہیں۔ عموماً لوگ یہی خیال کرتے ہیں کہ دنیا سے مخلص، دوسروں کے کام آنے والے اور دوسروں کی مدد کرنے والے انسان بالکل ختم ہوچکے ہیں، حالانکہ ایسا نہیں ہے۔ بلکہ آج بھی اپنی غرض سے بالاتر ہو کر انسانیت کے لیے کام کرنے والے بہت سے مخلص انسان دنیا میں موجود ہیں،آج بھی ایسے بہت سے انسان اس دھرتی پر چلتے پھرتے ہیں، جنھیں دوسروں کی مدد کرکے دلی خوشی اور سکون حاصل ہوتا ہے۔ یہاں میں جذبہ خدمت خلق سے سرشار ملتان کے چند عظیم نوجوانوں کا ذکر کرنا چاہوں گا، جن کی مثال ہمارے سامنے ہے کہ انہوں نے جب دیکھا کہ علاقے کے غریب لوگ علاج معالجے کی معیاری سہولت میسر نہ ہونے کے باعث اپنے پیاروں کی زندگیاں کھو رہے ہیں تو ریاستی سسٹم، طرز حکمرانی یا صاحب حیثیت افراد کی چشم پوشی کو زمہ دار ٹھرانے کی بجائے اپنے حصے کی زمہ داری پوری کرتے ہوئے مستحق لوگوں کو صحت کے شعبے میں سہولیات بہم پہنچانے کا بیڑہ اٹھایا۔ اور ابتدائی طور پر قاسم پور کالونی میں فری ڈسپنسری قائم کی، جہاں اہل علاقہ کو معیاری طبی سہولیات کے ساتھ ساتھ ادویات بھی فراہم کی جانے لگیں ۔ان نوجوانوں نے ڈسپنسری کے اس سسٹم کو انتہائی باسہولت اور شفاف طریقے سے چلایاکہ لوگ ان نوجوانوں کو داد دیئے بغیر نہ رہ سکے ، اور اس طرح درجن بھر نوجوانوں کے شروع کئے گئے اس کارخیر میںدیگر دوست اور صاحب ثروت افراد بھی شامل ہوتے گئے۔

نیت خالص تھی تو اللہ تعالیٰ کی مدد بھی شامل حال رہی، اور آج خدمت میں عظمت کا سفر طے کرتا پر عزم نوجوانوں کا یہ گروپ ”یوتھ کمیونٹی ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن ” (YCDO ) کے نام سے جانا جاتاہے ۔ اور ان کے زیر اہتمام ملتان میں پانچ بڑے ہسپتال ( YCDO ہسپتال معصوم شاہ روڈ، YCDO آئی ہسپتال حسن آباد خانیوال روڈ ، YCDO ہسپتال سورج کنڈ روڈ ، YCDO ہسپتال قاسم پور کالونی، YCDO ہسپتال بدھلہ سنت) چل رہے ہیں، جہاں تمام امراض کے سپیشلسٹ ڈاکٹرز، جدید آپریشن تھیٹر،کلینکل لیبارٹری، الٹرا ساؤند، ای سی جی، ایکسرے سمیت تمام بنیادی سہولیات موجود ہیں۔ اسکے علاوہ کئی جگہوں پر ہیلتھ کیئر سنٹر اور سبزواری ٹاؤن میں واٹر پیوریفیکیشن پلانٹ دن رات خدمت خلق میں مصروف عمل ہے۔ اس کے علاوہ حقیقی مستحق ہونے کی تصدیق کے بعد پچاس گھر انوں کو ہر ماہ مفت راشن کی تقسیم، غریب گھرانوں کو بیٹیوں کی شادی کیلئے معاونت کی فراہمیYCDO کے نوجوانوں کا مشن زندگی ہے۔

جبکہ اس ادارے کے مالی و انتظامی معاملات کو فرد واحد کی بجائے بورڈ آف گورنرز کے زیر انتظام انتہائی شفاف طریقے سے چلایا جاتا ہے۔ اورکرائے کی جگہ پر قائم معصوم شاہ روڈ ہسپتال کی جگہ کو خرید لیا گیا ہے ، اس جگہ پانچ منزلہ جدید ہسپتال کی تعمیرکا آغازہوچکاہے جوکہ سہولیات میں کسی بھی بڑے پرائیویٹ ہسپتال سے کم نہ ہوگا۔ شہر بھر کے مخیر حضرات نے جب یہ دیکھا کہ نوجوانوں کا یہ گروپ کوئی این جی او نہیں ، کوئی نفع بخش ادارہ نہیں،یہ خالصتاً رضائے الٰہی کی طلب اور بے لوث خدمت کا جذبہ رکھنے والے لوگ ہیں ،اور تمام اخراجات ا پنی جیب اور مخیر حضرات کے تعاون سے پورے کرتے ہیں تو یہ دیکھ کر بہت سے مخیر حضرات فلاح انسانیت کے اس مشن میں شامل ہوچکے ہیں۔ یوتھ کمیونٹی ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن (YCDO ) کے چیف ایگزیکٹیو کوئی اور نہیں رانا ظہیر بابر ہیں جوکہ پیشے کے اعتبار سے محکمہ پولیس میں انسپکٹر اور اس وقت آرپی او آفس میں بطور پبلک ریلیشن آفیسر خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔

Greedy Man

Greedy Man

بلاشبہ دنیا میں سارے انسان مفاد پرست اور خود غرض نہیں ، بلکہ انسان سے بے لوث محبت کرنے والے انسان بھی اس دھرتی پر بستے ہیں۔ اگر کہیں بے غرض اور سچے ایثار کی کہانی جنم لیتی ہے، تو یہ احساس دلاتی ہے کہ انسانیت ہر دور میں زندہ تھی اور ہمیشہ زندہ رہے گی۔ برے لوگوں کی اکثریت کے بیچ بہت سے ایسے اچھے افراد بھی ہمیشہ جنم لیتے رہتے ہیں جو انسانیت کے تقاضوں پر حقیقی معنوں میں عمل پیرا ہوکر انسان کا سر فخر سے بلند کردیتے ہیں۔ انسانیت کے درد کو اپنے دل میں جگہ دینے والے انسانوں کو انہی لافانی جذبوں کی بدولت انسانیت کی ایسی بلند و بالا مسند عطا ہوتی ہے، جس پر ہم بجا طور پر فخر کر سکتے ہیں۔انسانوں کی بے لوث قربانی انسان دوستی کے بیش قیمت جذبوں کی ترجمانی کا فریضہ سر انجام دیتی ہے اور انھیں دوسرے انسانوں سے ممتازکرتی ہے۔ بلاشبہ انسانوں کے لیے انسانوں کا ایثار ہی اس دنیا کا حقیقی حسن ہے۔ وہ لوگ واقعی بڑے باہمت، قابل داد اور قابل ستائش ہیں جو دوسروں کے لیے اپنا وقت نکالتے ہیں اور اپنی صلاحیتوں کا استعمال کرتے ہیں۔ ایسے لوگ اگرچہ کم ہیں، لیکن ہیں ضرور۔ ہر انسان اگر یہ عہد کر لے کہ وہ اپنی استطاعت کے مطابق جہاں ضرورت پڑے اور موقع ملے تو ضرور دوسروں کی مدد کرے گا، مجبور اور ضرورت مند لوگوں کی چھوٹی بڑی ضروریات حل کرنے میں مکمل تعاون کرے گا۔

کسی غریب طالب علم کی تعلیم کا خرچ، کسی غریب کی بیٹی کی شادی کا خرچ، کسی بے روزگار کی نوکری کا انتظام، کسی غریب بیمار کے علاج کا انتظام اور موقع ملنے پر ہر ایسا کام کرے گا، جس سے کسی انسان کی ضرورت پوری ہوتی ہو، یقین کیجیے اس سے دنیا بدل جائے گی۔ دنیا میں سکون ہی سکون کا راج ہوگا اور محبت کی حکمرانی ہوگی۔ دلچسپ امر یہ ہے کہ دوسروں کی مدد کرنا صرف دوسروں کے لیے ہی فائدہ مند نہیں ہے، بلکہ اس سے مدد کرنے والے کو بھی فائدہ حاصل ہوتا ہے۔ اللہ ربّ العزت نے قرآن مجید فرقان حمید میں مسلمانان اسلام توسراپا خیر بننے اور خیرخواہی کا حکم دیا گیا ہے، مسلمانوں کی خیر خواہی کا حکم احادیث مبارکہ صلی اللہ علیہ و سلم میں بھی موجود ہے۔

لیکن آج غیر مسلم بھی تصدیق کرتے نظر آتے ہیںکہ ان کی تحقیق کے مطابق رضا کارانہ طور پر دوسروں کی مدد کرنے سے انسان کے جسم سے ایسے کیمیکلز خارج ہوتے ہیں، جن کی وجہ سے انسان کا ذہنی دباؤ کم ہوتا ہے۔ دوسروں کا درد رکھنے والوں کے دل زیادہ صحت مند ہوتے ہیں۔ دل اور شریانوں کی صحت بہتر ہوتی ہے اور انسان مختلف امراض سے محفوظ رہتا ہے۔ آج ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم انسانیت کے دکھ درد کو محسوس کرتے ہوئے سراپا خیر بنیں۔ اور اپنی جان ، مال کو فلاح انسانیت کے لئے دلی جذبے کے ساتھ خرچ کریں۔ انسانیت کی خدمت کے لئے ضروری ہے کہ ہم حقیقی ضرورت مند لوگوں کو تلاش کرکے ان کی مدد کریں، یا ایسے مخلص اداروں کے ساتھ بھرپور تعادن کریں جوکہ بے لوث خدمات سرانجام دیتے ہوئے حقیقی ضرورت مندوں کی مدد ، معاونت اور خیر خواہی کے لئے کوشاں ہیں۔

Rana Aijaz Hussain

Rana Aijaz Hussain

تحریر : رانا اعجاز حسین
ای میل: ra03009230033@gmail.com
رابطہ نمبر03009230033