فلپائن : زلزلے سے کم ازکم چھ افراد ہلاک 120 سے زائد زخمی

Philippine Earthquake

Philippine Earthquake

فلپائن (جیوڈیسک) فلپائن کے جنوبی علاقے میں زلزلے سے کم ازکم چھ افراد ہلاک اور 120 سے زائد زخمی ہو گئے ہیں۔

حکام نے ہفتہ کو بتایا کہ جمعہ کو دیر گئے صوبہ سریگاؤ ڈیل نورٹے میں 6.5 شدت کے زلزلے سے متعدد عمارتوں اور ایک ہوائی اڈے کو بھی نقصان پہنچا۔

آتش فشاں اور زیر زمین تبدیلیوں سے متعلق فلپائن کے انسٹیٹیوٹ کے عہدیدار ریناٹو سولیڈم کے مطابق زلزلے کا مرکز سریگاؤ سے 14 کلومیٹر شمال مغرب میں 11 کلومیٹر زیر زمین تھا۔

زلزلے کے وقت لوگ سو رہے تھے لیکن طاقت ور جھٹکوں کے باعث وہ اپنے گھروں اور عمارتوں سے باہر نکل آئے۔

حکام کے بقول ہفتہ کی صبح تک 100 کے لگ بھگ بعد از زلزلہ جھٹکوں (آفٹر شاکس) نے لوگوں کو مزید خوفزدہ کر دیا ہے۔ متاثرہ علاقوں میں امدادی کام شروع کر گیا ہے۔

مرنے والوں کے بارے میں بتایا جاتا ہے کہ وہ زلزلے کے باعث عمارتوں کے منہدم ہونے سے موت کا شکار ہوئے۔ اس ساحلی شہر میں زلزلے سے زیادہ تر پسماندہ علاقوں میں گھروں اور اسکولوں کی عمارتوں کو نقصان پہنچا۔

امدادی کارکنان قریب ہی واقع پوکنوئے نامی دیہات میں بھی مصروف عمل ہیں تاکہ یہاں متاثر ہونے والوں کا بھی صحیح اندازہ لگایا جا سکے۔

شہر کے ہوائی اڈے کے رن وے پر زلزلے باعث دراڑیں پڑ گئی تھیں جس کے بعد ایئرپورٹ کو عارضی طور پر بند کر دیا گیا ہے۔ متاثرہ علاقے کے لوگوں سے کہا گیا ہے کہ وہ محفوظ مقامات کی طرف منتقل ہو جائیں۔

سولیڈم کے مطابق سریگاؤ میں اس سے قبل انیسویں صدی میں طاقتور ترین زلزلہ آیا تھا۔ 1990ء میں بھی شمالی جزیرہ لوزون میں 7.7 شدت کے زلزلے نے بڑے پیمانے پر تباہی مچائی تھی اور کم از کم 2000 افراد اس میں موت کا شکار ہوئے تھے۔