اینڈروئیڈ فونز کے لئے واٹس ایپ میں دو نئے فیچرز کا اضافہ

Whatsapp

Whatsapp

واٹس ایپ نے اپنی اینڈروئیڈ ایپ میں صارفین کے لئے دو نئے فیچرز یعنی ویڈیو اسٹریمنگ اور گف (GIFs) پیش کردیئے ہیں البتہ یہ اینڈروئیڈ 4.1 یا اس سے جدید آپریٹنگ سسٹم پر چلنے والے اسمارٹ فونز ہی کےلئے کارآمد ہوں گے جبکہ صارفین کو ان دونوں فیچرز سے استفادہ کرنے کےلئے واٹس ایپ کا نیا ورژن نئے سرے سے ڈاؤن لوڈ یا موجودہ ایپ کو اپ ڈیٹ کرنا ہو گا۔

اس وقت دنیا بھر میں واٹس ایپ کے صارفین کی تعداد ایک ارب سے زیادہ ہوچکی ہے اور گزشتہ چند سال سے فیس بک کی ملکیت میں آجانے کے بعد سے اس میں وقفے وقفے سے نئے فیچرز متعارف کروانے کا سلسلہ جاری ہے۔ کچھ عرصہ پہلے یہ دونوں فیچرز واٹس ایپ کے نئے بی ٹا ورژن میں شامل کردیئے کئے گئے تھے لیکن اب یہ فائنل ریلیز کی صورت میں فی الحال صرف اینڈروئیڈ اسمارٹ فون صارفین کےلئے دستیاب ہیں۔

ویڈیو اسٹریمنگ اور گف کی سہولت گوگل ڈو اور فیس بک میسنجر میں پہلے سے موجود تھی اور واٹس ایپ صارفین بڑی شدت سے اس کے منتظر تھے۔ ان دونوں فیچرز کے ساتھ ہی اب فیس بک اور یوٹیوب کی طرح واٹس ایپ پر بھی ویڈیو بغیر ڈاؤن لوڈ کئے دیکھی جاسکتی ہیں۔ گف والے فیچر کے اضافے سے واٹس ایپ گروپس بھی زیادہ جاندار اور زندگی سے بھرپور بنائے جا سکیں گے۔

واٹس ایپ کا کہنا ہے کہ اگرچہ یہ سہولت فی الحال صرف اینڈروئیڈ اسمارٹ فونز کےلئے ہے لیکن جلد ہی یہ ایپل آئی او ایس اور ونڈوز فونز کے لئے بھی پیش کر دی جائے گی۔