پی آئی اے فلائٹ آپریشن جزوی بحال، اسلام آباد اور لاہور سے پروازوں کی روانگی

PIA

PIA

اسلام آباد (جیوڈیسک) پانچ دن تک پی آئی اے کا کوئی طیارہ فضا میں بلند نہ ہو سکا۔ آخر کار چھٹے پی آئی اے کا فلائٹ آپریشن جزوی طور پر بحال ہو گیا۔ جدہ سے پی آئی اے کے دو بوئنگ طیارے عمرہ کرنے والوں کو لے کر اسلام آباد پہنچے۔ اسلام آباد سے اندرون اور بیرون ملک کے لئے متعدد طیاروں نے اڑان بھری۔ وفاقی دار الحکومت سے جدہ، دوبئی، لاہور اور گلگت کے لئے مسافر طیارے روانہ ہوئے۔

لاہور سے بھی پی آئی اے کا فلائٹ آپریشن جزوی طور پر بحال ہو گیا ہے۔ اسلام آباد سے پہلی فلائٹ لاہور ائیرپورٹ پہنچی۔ جس کے بعد وہی فلائٹ واپس اسلام آباد روانہ ہو گئی۔ عمرہ زائرین کو واپس لانے کے لئے 4 پروازیں سعودی عرب روانہ ہوئیں۔ جن میں سے 2 پروازیں مدینہ اور 2 پروازیں جدہ کے لئے روانہ ہوئیں۔ اِن پروازوں کے ذریعے ایک ہزار سے زائد عمرہ زائرین کو واپس لایا جائے گا۔ لاہور سے دو مزید پروازیں دبئی اور ابوظہبی کے لئے روانہ ہوں گی۔

دوسری طرف مختلف شہروں میں پی آئی اے ملازمین کی ہڑتال جاری رہی۔ پولیس نے اسلام آباد ایئرپورٹ کے مرکزی گیٹ سے مظاہرین کو اٹھایا تو انہوں نے ڈراپ لین روڈ پر دریاں بچھا لیں۔ لاہور، پشاور، کوئٹہ، فیصل آباد اور ملتان میں بھی ملازمین نے دھرنے دیئے اور دفاتر کو تالے لگے رہے۔