پی آئی اے کے نجکاری بل پر اپوزیشن کو منا لیا، وزیر خزانہ کا دعوی

Ishaq Dar

Ishaq Dar

لاہور (جیوڈیسک) لاہور میں انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ سائنسز اور شیخ زائد ہسپتال کے درمیان مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط کرنے کی تقریب کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کر تے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ حکومتی اقدامات کے باعث ملکی معیشت ٹیک آف کر چکی ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ پی آئی اے نجکاری بل اور ادارے کے ہوٹلوں کی فروخت پر اپوزیشن کے تحفظات دور کر دئیے ہیں۔

وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ ٹیکسوں سے حاصل ہونے والی آمدنی میں اضافے کے لیے ٹیکس نیٹ کا دائرہ کار بڑھایا جا رہا ہے اور مختلف اسکیمیں متعارف کرائی جا رہی ہیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ میثاق جمہوریت کی طرح سیاسی جماعتوں کے درمیان میثاق معیشت بھی ہونا چاہیے۔ وفاقی وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ ملکی معیشت کی بہتری کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کو اچھے حکومتی اقدامات کا ساتھ دینا چاہیے۔