پی آئی اے کی نجکاری کا فریم ورک تیار کرنے پر کام شروع

PIA

PIA

اسلام آباد (جیوڈیسک) وفاقی حکومت نے پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے )کی نجکاری کے فریم ورک کی تیاری پر کام شروع کر دیا ہے تاہم قومی فضائی کمپنی کا انتظامی کنٹرول اپنے پاس رکھنے کا فیصلہ کیا ہے ۔

نجکاری کمیشن (پی سی) ذرائع کے مطابق پی آئی اے کے نجکاری فریم ورک کی تیاری کے لیے غیر ملکی کنسلٹنٹ کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور اس کے لیے حکومت نے نجکاری کمیشن کو غیر ملکی کنسلٹنٹ سے رابطوں کا ٹاسک دے دیا ہے جبکہ نجکاری کمیشن پی آئی اے کے معاملے پر فنانشل ایڈوائزرز سے بھی رابطے میں ہے۔

حکام کے مطابق قومی ایئر لائن کے اثاثوں کی ویلیو ایشن کے لیے فنانشل ایڈوائزر آئندہ ہفتے پاکستان آئیں گے، غیر ملکی کنسلٹنٹ اور فنانشل ایڈوائزر پی آئی اے کی نجکاری کے فریم ورک کی تیاری میں مدد کریں گے۔ حکام کا کہنا ہے کہ فنانشل ایڈوائزر کی رپورٹ کابینہ کی نجکاری کمیٹی کے سامنے پیش کی جائے گی، پی آئی اے کا انتظامی کنٹرول قومی فضائی کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے پاس ہوگا، بورڈ میں تعیناتیاں حصص کی شرح پر ہوں گی۔