عازمین حج سعودی قوانین کی پابندی کریں، مفتی اعظم

Mufti Azam

Mufti Azam

مکہ مکرمہ (جیوڈیسک) مفتی اعظم سعودی عرب شیخ عبد العزیز بن عبد اللہ آل الشیخ نے عازمین حج کو ہدایت کی ہے کہ حج کے موقع پر سیاست سے باز رہیں اور اس بات کا خاص خیال رکھیں کہ ان کے حج پر برے اور غلط خیالات‘ متنازعہ نظریات اور فرقہ واریت غالب نہ آجائیں۔

حج کا بنیادی مقصد اس کے مناسک کی ادائیگی کے دوران اللہ تعالی کو یاد کرنا ہے عازمین حج اپنی سیکورٹی اور حفاظت کے لئے سعودی حکومت کے وضع کردہ قوانین کی پابندی کریں اور پر امن ماحول میں مناسک حج کی ادائیگی کے لئے کئے جانے والے اقدامات کو متاثر کرنے سے گریز کریں۔

علاوہ ازیں سعودی وزیر داخلہ اور سپریم حج کمیٹی کے چیئرمین شہزادہ محمد بن نائف نے خبردار کیا ہے کہ سعودی حکومت حج کی حرمت اور عازمین حج کی سیکورٹی کو متاثر کرنے والی کسی بھی سرگرمی کی اجازت نہیں دے گی۔

سعودی سیکورٹی فورسز کسی بھی دہشت گرد گروہ یا فرد کا مقابلہ کرنے کی پوری صلاحیت رکھتی ہیں۔ انہوں نے عازمین حج کو بھی ہدایت کی کہ وہ سیاسی پروپیگنڈہ یا حج کی حرمت کو متاثر کرنے والی کسی بھی سرگرمی میں ملوث نہ ہوں۔