پیرمحل کی خبریں 15/2/2016

Pir Mahal

Pir Mahal

پیرمحل (نامہ نگار) تاریخ پیدائش، اموات، نکاح نامہ، طلاق کا بروقت اندراج مستقبل میں پیش آنے والی مشکلات سے نجات دلا سکتا ہے عوام الناس اپنے بچوں کے مستقبل کے لیے اور قومی ذمہ داری سمجھتے ہوئے تاریخ پیدائش، اموات، نکاح نامہ، طلاق کا بروقت اندراج کروائیں ان خیالات کا اظہار رائو شفیق الرحمن تحصیل ایڈمنسٹریٹر پیرمحل نے یونین کونسل نمبر 82 پیرمحل سٹی میں نکاح رجسٹرار اور سیکرٹریوں سے میٹنگ میں کیا انہوںنے کہا نکاح رجسٹرار نکاح رجسٹرڈ کرنے کے ساتھ ساتھ تاریخ پیدائش، اموات، نکاح نامہ ، طلاق وغیرہ کے بروقت اندراج میں معاونت کریں لوگوں کو آگاہی دیں تاکہ عوام کو درپیش مشکلات میں آسانی میسر ہو نکاح فارم کا اندر اج سات یوم کے اندر متعلقہ یونین کونسل میں جمع کروائیں اور فیس کی رسید حاصل کریں بصورت دیگر نکاح رجسٹرار لائسنس منسوخ کردیاجائے گا ایڈمنسٹریٹر نے نکاح رجسٹراروں میں پیدائش ، اموات کے فارم تقسیم کیے اس موقع پر انہوںنے بتلایاکہ پیدائش اور اموات کا نارمل اندراج 60یوم کے اندر اندر متعلقہ یونین کونسل میں کروائیں اندراج فارم نکاح رجسٹرار ، دفتر یونین کونسل ، ہیلتھ سنٹر پر سے حاصل کرکے متعلقہ یونین کونسل کے سیکرٹری کو جمع کروائیں تاکہ بروقت اندراج سے آنے والے وقت میں پیش آنے والی مشکلات سے بچاجاسکے اس موقع پر ان کے ہمراہ سیکرٹری محمد اکرم مجاہد ، عبدالغفار ، نعیم اختر جانباز ، سید ثناء اللہ شاہ ، محمد امین ، مفتی طالوت احمد ، محمد رمضان ، محمدامین ، ڈاکٹر مشتاق احمد ،غلام سرور ، محمد اکرم ،محمود مرزا ،محمد اشرف ، صالح حسین گل سمیت کثیر تعداد میں یونین کونسل سیکرٹریوں اور نکاح رجسٹرار نے شرکت کی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

پیرمحل (نامہ نگار) لوکل گورنمنٹ ایمپلائز ورکر فیڈریشن پیرمحل کا اجلاس یونین کونسل نمبر82پیرمحل سٹی میں ہوا جس میں سید محمد ذیشان شاہ نقوی سیکرٹری کمیونٹی ڈویپلمنٹ کے ماموں اشتیاق حسین شاہ کی وفات پر تعزیتی اجلاس ہوا جس میں جاویدا قبال صدر ،محمد اکرم مجاہد سیکرٹری ، مرزابشیر احمد سیکرٹری ، انتظار حسین سیکرٹری ، منظور حسین سیکرٹری عبدالغفار ، عبدالغفار سمیت کثیر تعداد میں ممبران نے شرکت کی تعزیتی اجلاس میں اشتیاق حسین شاہ کی وفات پر گہرے رنج وغم کا اظہا رکرتے ہوئے مرحوم کے درجات کی بلندی کے لیے فاتحہ خوانی کی لواحقین کے لیے صبرجمیل کی دعابھی کی
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

پیرمحل ( نامہ نگار ) اﷲ تعالی کے احکامات روگردانی کرکے اور نبی ۖکے طریقوں کو چھوڑ کر پوری امت مسلمہ پریشانیوں اور مصائب کا شکار ہے مہنگائی سے زیادہ بے حیائی انسانیت کیلئے زہرقاتل ہے۔مہنگائی سے صرف چولہے بجھتے ہیںجبکہ بے حیائی سے قومی حمیت کاجنازہ اٹھ جاتا ہے ان خیالات کا اظہار حافظ مفتی محمد عطاء المصطفی چشتی سیالوی نے بزم صاحب لولاک کے طلبہ سے خطاب میں کیا انہوںنے کہا شرم وحیاسے عاری قوموں کے شرمناک انجام سے تاریخ کی کتابیں بھری پڑی ہیں۔ مہنگائی کے ساتھ ساتھ بے حیائی اوربے راہ روی کاسدباب اسلامی ریاست سمیت ہرمسلمان کافرض ہے۔خواتین کے تعلیمی اداروں میں کلچراورتفریح کے نام پر ناچ گانااسلامی تعلیمات کے منافی ہے،ماں باپ ہرگزاپنی بیٹیوں کواس کی اجازت نہ دیں۔محبت ایک آفاقی جذبہ ہے اور سچی اور ازلی محبت کی مستحق ذات صرف اورصرف خدائے بابرکت نبی برحق ۖ کی ہے محبت ایک آفاقی جذبہ ہے اور سچی اور ازلی محبت کی مستحق ذات صرف اورصرف خدائے بابرکت اور نبی مکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی ہے محبت کی اولین مستحق وہ ہستی ہے جس نے اس کائنات اور تمام انسانیت کو پیدا کیایا جس کے لیے یہ کائنات بنائی گئی نہ کہ اپنے جیسے انسانوں سے کی جانے والی وہ ارزاں محبت جو کہ وقتی جذبات کے نتیجے میں پیدا ہوتی ہے جس کی اسلام اور دین میں ہر گز گنجائش نہ ہے
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

پیرمحل (نامہ نگار) دنیا میں خسرہ کے موذی مرض کے باعث 135ملین بچے متاثر ہوتے تھے جن میں سات سے آٹھ ملین بچے موت کے منہ چلے جاتے تھے پاکستان میں ہرسال خسرہ میں مبتلا ہونے والے بچوں کی تعداد 21لاکھ جن کی اکثریت اس موذی مرض کے باعث موت کا شکار ہوجاتے ہیںان خیالات کا اظہار ڈاکٹر منیر اقبال چوہدری معروف معالج نے اپنے بیان میں کیا انہوں نے کہا کہ خسرہ کی موذی بیماری دنیا کے دس موذی امراض میں سے ایک ہے حفاظتی ٹیکے بچے کے جسم میں اس بیماری کے متعلق مقابلہ کی طاقت بڑھادیتے ہیں جب بیماری حملہ آور ہوتی ہے تو بچے کا جسم اس بیماری کے خلاف مدافعت کے باعث محفوظ رہتا ہے بچہ ماں سے حاصل شدہ حفاظتی مادے کی بدولت نوماہ تک اس محفوظ رہتا ہے اس دوران میں خسرہ سے بچائو کا ٹیکہ لگانے سے تمام عمر کے لیے محفوظ ہوجاتاہے خسرہ کی ویکسئین نوماہ کی عمر میں دے دی جاتی ہے نوماہ سے تیر ہ سال کی عمر کے بچوں کو اضافی ویکسئین کروالینی چاہیے بچے پر خسرہ کی بیماری کے حملہ کی صورت میں فوری طور مستند ڈاکٹر سے رجوع کرنا چاہیے ورنہ بیماری کا حملہ جان لیوا ہونے کے ساتھ انتہائی خطرناک پیچیدگیاں پیدا ہوسکتی ہے پاکستان میں ای پی آئی پروگرام کا آغاز 1978میں ہوا جس سے بچوں کے متعدی امراض کو کنٹرول کرنے میں مدد ملی ڈبلیوایچ او کے مطابق خسرہ کی وجہ سے ہونے والی شرح اموات میں کمی خسرہ کی ویکسیئن دینے سے ممکن ہوسکی 1999 ء میں دنیامیں خسرہ کی وجہ سے اموات کی تعداد آٹھ 73ہزار تھی جوکہ 2005 ء میں تین لاکھ 45ہزار رہ گئی اب حکومت کی طرف سے بروقت اقدامات سے اس میں مزید کمی لائی جاسکتی ہے حکومت کا خسرہ سے بچائو کے لیے ایک ٹیکہ ڈیڑھ ہزار روپے خرچ آتا ہے بچوں کو موذی امراض سے بچائو کے لیے خسرہ سے بچائو کا حفاظتی ٹیکہ ضرور لگوائیں
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

پیرمحل (نامہ نگار) 15 روز گزرنے کے باوجود پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے تناسب سے بسوں وویگنوں کے کرایوں میں کوئی کمی نہ آسکی۔74پیسے فی مسافر فی کلومیٹر بس و ویگن کاکرایہ مقرر کیے جانے کے باوجود ٹرانسپورٹ مافیا ، ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی، ٹریفک پولیس ، ضلعی انتظامیہ کے گٹھ جوڑ کے باعث ڈویژن بھر میں دوگنا کرایوں کی وصولی جاری ۔مسافروں کا شدید احتجاج۔ خادم اعلیٰ پنجاب سے صورتحال کا فوری نوٹس لینے کامطالبہ تفصیل کے مطابق فیصل آباد ڈویژن کے چاروں اضلاع فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ ، چنیوٹ میں15 روز گزرنے کے باوجود پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے تناسب سے بسوں وویگنوں کے کرایوں میں کوئی کمی نہ آسکی ہے جبکہ 74پیسے فی مسافر فی کلومیٹر بس و ویگن کاکرایہ مقرر کیے جانے کے باوجود ٹرانسپورٹ مافیا ، ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی، ٹریفک پولیس اور ضلعی انتظامیہ کے گٹھ جوڑ کے باعث ڈویژن بھر میں دوگنا کرایوں کی وصولی جاری ہے جس پر مسافروںنے شدید احتجاج کرتے ہوئے خادم اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے صورتحال کافوری نوٹس لینے اور بار بار حکومتی رٹ چیلنج کرنے والے مافیاز کے خلاف سخت ترین کاروائی یقینی بنانے کامطالبہ کیاہے۔ فیصل آباد ڈویژن کے مختلف اضلاع کے درمیان روزانہ بسلسلہ روزگار ، تعلیم ، کاروبارسفر کرنے والے مسافروں نے بتایاکہ حکومت پنجاب کی جانب سے یکم فروری 2016ء کو پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے تناسب سے اندرون و بیرون شہر چلنے والی ہر قسم کی چھوٹی و بڑی گاڑیوں ، نان اے سی ہینوودیگر بسوں ، ہائی ایس ویگنوں ، مزدا ، کوسٹرز ، ون ٹی آر ہائی روف گاڑیوں سمیت تمام اقسام کی پبلک ٹرانسپورٹ کیلئے فی مسافر فی کلومیٹر 74پیسے کرایہ مقرر کیا مگر فیصل آباد ڈویژن کے چاروں اضلاع کی ڈسٹرکٹ ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹیز ،ٹریفک پولیس، سٹی ٹریفک پولیس اور سٹی وڈسٹرکٹ گورنمنٹس کے متعلقہ حکام کے ٹرانسپورٹ مافیا کے ساتھ مبینہ گٹھ جوڑ کے باعث 15روز گزرنے کے باوجود 74پیسے فی کلومیٹر فی مسافر کے تناسب سے کرایوں پر عملدرآمد نہ ہو سکاہے اور بااثر ٹرانسپورٹ مافیا دوگنا کرائے وصول کررہاہے ۔ یہاں یہ امر بھی انتہائی افسوسناک ہے کہ ڈویژن بھر کی کسی بھی شاہراہ پر کسی افسر یا ٹریفک پولیس وارڈنز و دیگر حکام کی جانب سے کسی گاڑی کو روک کر مسافروں سے کرائے کے بارے میں دریافت نہ کیا جارہاہے ۔انہوںنے کہاکہ اگرچہ بعض مقامات پر نئے کرایوں کے بارے میں بینرز آویزاں کئے گئے ہیں لیکن ٹرانسپورٹ مالکان اڈے سے نکلتے ہی دوگناکرایہ مانگناشروع کردیتے ہیں اور اس ضمن میں کوئی ٹکٹ یا تحریری ثبوت بھی فراہم نہیں کیاجاتااس پر ستم ظریفی یہ کہ اگر بینرز پر درج فون نمبرز پر رابطہ کرنے کی کوشش کی جائے تو وہ نمبر بھی اٹینڈ نہ کئے جاتے ہیں ۔انہوںنے کہاکہ یہی نہیں بلکہ اکثر روڈز پر چلنے والی ہائی ایس ویگنوں میں 15سیٹوں کی بجائے 22سیٹیں نصب کر لی گئی ہیں اور ان میں انتہائی خطرناک اندازمیں ناقص و غیر معیاری گیس سلنڈرز بھی لگا لئے گئے ہیں مگر اکثریتی ان فٹ و خطرناک گاڑیوں کے مالکان کو کوئی پوچھنے والا نہیں۔ مسافروں کاکہناہے کہ اگر ٹرانسپورٹرز سے نئے کرایوں کے بارے میں دریافت کیا جائے تو وہ برملا اس امر کا اظہار کرتے ہیں کہ وہ جگہ جگہ ٹرانسپورٹ حکام کو اڈا مالکان کے ذریعے منتھلیاں فراہم کرتے ہیں اس لئے کوئی ان کا کچھ نہ بگاڑ سکتاہے۔ انہوںنے بار بار حکومتی رٹ چیلنج کرنے والے ٹرانسپورٹ مافیا کے خلاف فوری سخت ترین کریک ڈائون ، نئے کرایہ ناموں پر عملدرآمد ، اضافی نشستیں گاڑیوں سے نکالنے ، ان فٹ گاڑیاں فوری بند کروانے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔

راحیل گجر نمائندہ پیرمحل
فون نمبر0331-8670101