پیرمحل کی خبریں 14/5/2017

Pir Mahal

Pir Mahal

پیرمحل (نامہ نگار) حکومت کی طرف سے خواتین کے حقوق اور تحفظ کے
نام پر قانون سازی تو کر دی گئی ہے لیکن آج تک ان پر عملدرآمد کو یقینی نہیں بنایا جا سکا جس کے باعث یہ قوانین بے سود ہیں۔ ان خیالات کا اظہارمیڈم خورشید انصاری ضلعی راہنماپاکستان تحریک انصاف خواتین ونگ نے اپنے بیان میں کیاا نہوں نے کہا کہ ہمارے معاشرے میں آ ج بھی خواتین کو برابر ی کے حقوق دینا تو دور کی بات ہے انہیں کسی خاطر میں نہیں لایا جاتا۔ انہوں نے کہا کہ خواتین اپنی طاقت کو سمجھیں اور اس کے لئے تعلیم کو اپنا ہتھیار بنائیں ، مائیں بچیوں کو اچھی تعلیم دینے میں کوئی سمجھوتہ نہ کریں ۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کو مقام حاصل کرنے کے لئے جدوجہد کرنا ہو گی اور ہمارے معاشرے میں ایسی کئی خواتین ہیں جنہوںنے اپنے بل بوتے پر مختلف شعبوں میں نام پید اکر کے اس کا ثبوت بھی دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف خواتین کو قومی دھارے میں شامل کرنے کا ایک جامع پروگرام رکھتی ہے انشا اللہ جب بھی موقع ملا خواتین کو نہ صرف برابری کے حقوق دئیے جائیں گے بلکہ خواتین پر تشدد اور ان سے متعلقہ دیگر جرائم پر کڑی سزائیں تجویز کی جائیںگی۔

پیرمحل( نامہ نگار ) حاجی محمد جمیل سٹی نائب صدر پاکستان مسلم لیگ ن پیرمحل نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اقتصادی راہداری منصوبے سے جہاں پی ٹی آئی کا سیاسی مستقبل تاریک ہورہا ہے وہاں بھارت سمیت امریکہ ،اسرائیل اور مغربی ممالک اس عظیم منصوبے کے آگے اپنے ایجنٹوں کے ذریعے رکاوٹیں ڈال رہے ہیں،حکومت نریندرمودی کی جانب سے آبی جارحیت کے ذریعے پاکستا ن کوبنجر بنانے کی دھمکیوں سے عالمی برادری کو آگاہ کرے گی،عوام دوست پالیسیوں کی بدولت صرف ساڑھے تین برسوںمیں حکومت کی مقبولیت میں بے پناہ اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مودی کی دھمکیوں کامعاملہ عالمی سطح پراٹھایاجارہا ہے۔پاکستان کی آزادی،خودمختاری اور سلامتی کاہرقیمت پر دفاع کیا جائے گا۔انہوں نے کہاکہ ملکی معیشت کو مضبوط ومستحکم کرکے ہی ہم ترقی کی منازل طے کرسکتے ہیں اور اس کے لئے حکومت وقت نہ صرف قومی بلکہ عالمی سطح پر بہترروابط میں مصروف ہے پاکستان کے مخالف یہ چاہتے ہیں کہ ملک ترقی نہ کرے اور سی پیک منصوبے کے معاہدے پر عملدرآمد نہ ہو، اس کے لئے اندرونی و بیرونی قوتیںپاکستان کے خلاف سازشوں کے تانے بانے بننے میں مصروف ہیں۔ انہوںنے کہا کہ دشمن جان لے سی پیک سمیت تمام منصوبے پاک فوج کی نگرانی اور وزیر اعظم محمد نواز شریف کی سرپرستی میں مکمل ہوں گے۔

پیرمحل( نامہ نگار ) پاکستان تحریک انصاف کے تحصیل نائب صدر پاکستان پیپلزبیورومحمد ساجد نے کہا ہے کہ مودی کی پاکستان کو صحرا بنانے کی دھمکی اور ہمسائیہ ممالک کو جانے والے پانی کی ایک ایک بوند روکنے کے بیان کو آبی دہشت گردی قرار دیتے ہوئے کہا کہ عالمی برادری اس کا نوٹس لے، ایل او سی کی خلاف ورزیوں کے ساتھ ساتھ اب پاکستانی پانی روکنے کی دھمکی سندھ طاس معاہدہ کی کھلی خلاف ورزی ہے سندھ طاس معاہدہ کا ضامن عالمی بینک ہے اگر بھارت کی جانب سے پاکستانی دریائوں کا پانی روکا گیاتو عالمی برادری کی جانب سے بھارت پر شدید پابندیاں عائد ہونگی اور وہ پیسے پیسے کا محتاج ہوکر رہ جائے گا اس لیے مودی سرکار پاکستانی پانی روکنے کی دھمکی دینے سے پہلے زمینی حقائق سے آگاہی حاصل کرے ۔انہوںنے پنجاب بھر میں وارداتوں اور قتل و غارت میں اضافہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ صرف ایک دن میں لاہور میں22لاکھ کے ڈاکے، گاڑی اور موٹر سائیکلیں غائب ہونا انتہائی تشویشنا ک ہے پولیس کو ذاتی پروٹوکول میں لانے سے سے امن و امان کی صورتحال خراب ہورہی ہے۔شہری گھروں کی دہلیز میں لٹ رہے ہیں بازاروں میں ان کی گاڑیاں غائب ہورہی ہیں جبکہ حکومت سب اچھا کی رٹ لگارہی ہے۔

پیرمحل( نامہ نگار ) پاکستان کے سابق صدر جنرل ایوب خان کا110واں یوم پیدائش آج منایا جائے گا۔پاکستان کے سابق صدر فیلڈ مارشل ایوب خان 14مئی 1907ء کو ضلع ہری پور ہزارہ کے ایک پشتون گھرانے میں پیدا ہوئے۔ جنرل ایوب خان کو یہ اعزاز حاصل تھا کہ وہ سب سے کم عمر اور سب سے زیادہ رینکس حاصل کرنے والے فوجی تھے وہ 27اکتوبر 1958ء سے لے کر 25مارچ 1969ء تک پاکستان کے صدر رہے۔جنرل ایوب خان کے دور حکومت میں اگرچہ ملک ترقی کی جانب گامزن تھا لیکن عوام مسلسل دس سالہ آمریت سے تنگ تھی۔ایوب خان19اپریل1974ء انتقال کر گئے تھے۔

پیرمحل( نامہ نگار ) پنجاب حکومت کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ صوبے بھر کے نجی اور سرکاری سکولوں، کالجز اور دیگر تعلیمی اداروں میں گرمیوں کی چھٹیاں25مئی سے14اگست تک ہوں گی۔ اس سلسلے میں صوبائی حکومت کی جانب سے نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔ یاد رہے کہ عموما موسم گرما کی تعطیلات یکم جون سے ہوتی ہیں مگر گرمی کا موسم قبل از وقت شروع ہو جانے کے باعث صوبائی حکومت نے25مئی سے گرمیوں کی چھٹیوں کے آغاز کا فیصلہ کیا ہے۔

پیرمحل( نامہ نگار ) پاکستان سمیت دنیا بھر میں کل خاندان کا عالمی دن منایا جا رہا ہے جس کا مقصد خاندانی زندگی کے متعلق شعور کو اجاگر کرنا ہے۔ انٹرنیشنل ڈے آف فیملی ہر سال پندرہ مئی کو منایا جاتا ہے۔ اس دن کی ابتدا 1993 میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں منظور کردہ ایک قرار داد پر ہوئی اور 1994 سے یہ باقاعدہ طور پر دنیا کے مختلف ممالک میں منایا جانے لگا۔ خاندان کا عالمی دن منانے کا مقصد خاندان سے جڑے مسائل پر آگاہی ، سماجی اور معاشی مسائل جو خاندان پر اثر انداز ہو رہے ہیں ،پر بات کرنے کا موقع فراہم کرنا ہے۔ دنیا بھر میں اس دن پر ورک شاپس ، کانفرس ، ریڈیو ، ٹیلی ویڑن پروگرامز اور کلچرل پروگرام منعقد کیے جاتے ہیں۔ خاندان کے عالمی دن کا اس سال کا تھیم صنفی مساوات اور بچوں کو اپنے خاندان کے ساتھ رہنے کے شعور کو بڑھانا ہے۔

پیرمحل( نامہ نگار ) پاکستان سمیت دنیا بھرمیں ماں سے محبت کے اظہار کا عالمی دن آج منایا جائے گا، جس کا مقصد مائوں کی عظمت کا اعتراف اورانہیں خراج تحسین پیش کرنا ہے۔جہانیاںمیں بھی اس موقع پر بچے اپنی مائوں کو پھول اور تہنیتی کارڈ پیش کریں گے جبکہ مختلف تنظیمیں سیمینار، مذاکرے و دیگر تقریبات منعقد ہو ںگی اس دن کو منانے کا مقصد معاشرے میں مائوں سے محبت اوران کے احترام کوفروغ دینا ہے اللہ تعالیٰ نے بھی ماں کو اتناعظیم درجہ عطا کیا کہ جنت ہی اس کے قدموں تلے رکھ دی۔ ماں وہ عظیم ہستی ہے جو اپنی اولاد کی خوشی کیلئے تمام عمر وقف کردیتی ہے، اولاد کا بھی فرض ہے کہ اپنی ماں کی خدمت میں کوئی کمی نہ آنے دے دنیا کے دیگر ممالک میں بھی مدر ڈے منایا جاتا ہے تاہم ہر ملک اپنی روایات اور ثقافت کے مطابق اسے مختلف تاریخوں پر مناتے ہیں لیکن اہم بات یہ ہے کہ یہ دن ہر معاشرے میں اپنا وجود رکھتا ہے جو ماں سے محبت اور اس کی عظمت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔امریکہ میں مدرز ڈے کا آغاز 1872ء میں ہوا۔سن 1907ء میں فلاڈیفیا کی اینا جاروس نے اسے قومی دن کے طور پر منانے کی تحریک چلائی جو بالآخر کامیاب ہوئی اور 1911ء میں امریکہ کی ایک ریاست میں یہ دن منایا گیا، اور اب دنیا بھر میں سے ہرسال مئی کے دوسرے اتوار کو یہ دن منایا جاتا ہے۔