نون لیگ اور پی پی نہیں، پی ٹی آئی وفاق کی جماعت ہے: عمران خان

Imran Khan

Imran Khan

حیدر آباد (جیوڈیسک) بلدیاتی الیکشن مہم پر حیدر آباد پہنچنے والے کپتان سندھ کے عوام کو تبدیلی کیلئے جدوجہد کا پیغام دیتے رہے۔ کہتے ہیں کہ پیپلز پارٹی اور (ن) لیگ اقتدار باریاں لیتی رہی ہیں۔ پولیس حکمرانوں کے ساتھ مل کر الیکشن لڑ رہی ہے۔

اس طرح کے نظام میں عوام کا کوئی مستقبل نہیں ہے۔ تقدیر بدلنے کا وقت آ گیا ہے۔ عمران خان نے کہا کہ سندھ بھی پورے ملک کو آگے لے جا سکتا ہے۔ تھوڑے سے لوگ تبدیلی کی راہ میں رکاوٹ ہیں۔ تیس سال میں پیپلز پارٹی چھ بار حکومت کر چکی ہے۔

اقتدار مافیا سے آزادی کے لئے قربانی دینا پڑے گی۔ پی ٹی آئی چیئرمین کا کہنا تھا کہ وہ عوام کے ساتھ جھوٹے وعدے کرنے نہیں آئے۔ نئے پاکستان میں ایک سال کے دوران 70 فیصد جرائم کم ہو گئے۔ خیبر پختونخوا کے نظام میں کوئی سیاسی مداخلت بھی نہیں ہے۔ حیدر آباد کے بعد عمران خان عمر کوٹ پہنچے اور وہاں بھی ایک بڑے مجمعے سے خطاب کیا۔ اپنے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ نئے پاکستان میں اقلیتوں کو برابر کے شہری بنائیں گے۔

نئے پاکستان میں اقلیتوں کو اس طرح انصاف دیں گے کہ نریندر مودی کو بھارت میں شرم آئے گی۔ عمران خان نے مزید کہا کہ ہم نئے پاکستان میں اقلیتوں کا دھیان رکھیں گے، تاہم بھارت میں مسلمانوں اور عیسائیوں کیساتھ سلوک سب کے سامنے ہے۔

نئے پاکستان میں پیسے والے لوگوں سے ٹیکس لیں گے۔ خیبر پختونخوا کے اندر غربت کم کر کے دکھائیں گے۔ خیبر پختونخوا میں سرکاری سکولوں، ہسپتالوں کو ٹھیک کر کے دکھائیں گے۔ خیبر پختونخوا کے سرکاری ہسپتالوں کو شوکت خانم اسپتال اور آغا خان اسپتال جیسا بنانا چاہتا ہوں۔ تھانوں میں ظلم نہیں انصاف ملنا چاہیے۔ سندھ اور پنجاب کی پولیس حکومت کیساتھ ملکر الیکشن لڑ رہی ہے، خیبر پختونخوا میں ایک غلط ایف آئی آر درج نہیں ہوتی، نئے پاکستان میں پولیس ظلم نہیں حفاظت کرے گی۔

خیبر پختونخوا کے نظام نے موجودہ وزیر کو پکڑ کر جیل میں ڈالا۔ بتائیں سندھ، پنجاب میں کتنے طاقتور لوگ پکڑے گئے۔ حکمرانوں نے قرضوں کی بارش کر دی ہے۔ آج ہر پاکستانی ایک لاکھ دس ہزار کا مقروض ہے۔ ڈیزل پر پچاس فیصد جی ایس ٹی وصول کیا جا رہا ہے، قرضوں کیوجہ سے چالیس ارب کے مزید ٹیکس لگیں گے، یہ ہے ظلم کا نظام ہے۔

پنجاب اور سندھ کے بلدیاتی نظام میں لوگوں کو اختیارات نہیں ملیں گے۔ خیبر پختونخوا کے گاؤں اپنے فیصلے خود کریں گے۔ پنجاب اور سندھ کے بلدیاتی نظام میں سارے فیصلے چیف منسٹر کرے گا۔ وقت آنے والا ہے جب تینوں صوبے خیبر پختونخوا کی ترقی کو فالو کریں گے۔ پاکستان کی تاریخ میں سب سے زیادہ درخت پختونخوا میں لگائے گئے۔

خیبر پختونخوا میں چھانگا مانگا جیسے 10 جنگل بنائے ہیں۔ پورے ملک میں جنگلوں کو تباہ کر دیا گیا ہے۔ تحریک انصاف نہیں چھوڑ رہا، شاہ محمود قریشی کا اعلان، عمر کوٹ میں اچھی خبر سن کر کپتان خوش ہو گئے، نون لیگ اور پیپلز پارٹی نہیں، اب پی ٹی آئی وفاق کی جماعت ہے، عمران خان کی للکار۔ قائد حزب اختلاف خورشید شاہ نے عمران خان کو ترکی بہ ترکی جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خیبر پختونخوا فتح نہیں کر سکے، سندھ کیسے فتح کریں گے، اللہ کرے، وہ کسی اور کو ہی جیت لیں۔