پوکے مون گو اب جاپان میں بھی دستیاب

Pokemon

Pokemon

ننٹینڈو کی پوکے مون گو گیم کو اس کے چھوٹے ورچوئل مانسٹرز کرداروں کی جائے پیدائش یعنی جاپان میں لانچ کر دیا گیا ہے۔

امریکی کمپنی نیانٹک نے اس گیم کے بارے میں اعلان کیا کہ وہ ’آخر کار اس گیم کو جاپان میں لانچ کر رہے ہیں۔‘

ورچوئل ریئلٹی پر مبنی گیم پوکے مون گو اس قبل چھ جولائی کو امریکہ، نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا میں ریلیز کیا گیا تھا اور اب یہ گیم 30 سے زائد ممالک میں دستیاب ہے اور زبردست مقبولیت حاصل کر چکی ہے۔

جاپان میں اس گیم کو فاسٹ فوڈ ریستوران مک ڈونلڈز کے اشتراکی معاہدے کے ساتھ لانچ کیا گیا ہے۔
امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اس گیم کے دوران جس مقام پر پوکے مون ملیں گیں یا پھر ان مقامات پر جہاں اس گیم کو کھیلنے والے پکڑے جانے والے مانسٹرز کو ورچوئل لڑائی کے لیے تیار کریں گے وہاں پر مک ڈونلڈز کے اشتہار بھی موجود ہوں گے۔

تاہم مک ڈونلڈز کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ’گیم کو کھیلنے والوں سے کہا جائے گا کہ وہ وہاں موجود صارفین کے لیے کسی مشکل کا باعث نہ بنیں۔‘

جمعے کی صبح بعض جاپانی مداحوں نے خوشی میں ٹوئٹس کیں کہ وہ اب اس گیم کو کھیل سکتے ہیں۔ جاپان میں مقیم آسٹریلوں سمیول لوکس جو کہ یوٹیوب کے ساتھ وابستہ ہیں نے کو بتایا: ’جیسے ہی مجھے معلوم ہوا کہ اس گیم کا سرور کام کرنے لگا ہے، میں بستر سے باہر آیا، کپڑے تبدیل کیے اور اپنے آئی فون اور دو اضافی بیٹریوں کے ساتھ باہر بھاگا۔‘

’اب تک میں صرف جاپان پوسٹ آفس گیا ہوں جو کہ میرا پہلا پوکے سٹاپ تھا، اور اب میں اپنے گھر کے پاس موجود ایک بڑے پارک کی جانب جا رہا ہوں۔‘ ایک اور پوکے مون گو کے صارف 21 سالہ ٹوموہارو کڈو کو زیادہ دور نہیں جانا پڑا، وہ گیم کے کردار چارمندر کو اپنے بستر میں ہی تلاش کر رہے ہیں۔

پوکے مون کے کردار سب سے پہلے 1990 کی دہائی میں ننٹینڈو کی گیم بوائے ڈیوائس پر آئے تھے۔ پوکیمون گو کے لیے ننٹینڈو نے امریکی کمپنی نیانٹک اور پوکیمان کمپنی کے ساتھ اشتراک کیا، جو ان کرداروں کے حقوق کی مالک ہے۔