پولیس کا کراچی میں کالعدم تحریک طالبان کے ٹھکانے پر چھاپہ، اسلحہ اور بارودی مواد

Police

Police

کراچی (جیوڈیسک) پولیس نے منگھوپیر میں کالعدم تحریک پاکستان طالبان کے کمانڈراحسان اللہ محسود کے ٹھکانے پر چھاپہ مارکر بھاری تعداد میں اسلحہ ، بارودی مواد اور منشیات بر آمد کرلی۔

ایس ایس پی کراچی غربی پیرمحمد شاہ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ منگھو پیرمیں کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے کمانڈراحسان اللہ محسود کے کمپاؤنڈ پر چھاپہ مارا گیا، چھاپے کے نتیجے میں بھاری تعداد میں اسلحہ ، گولہ بارود اور منشیات برآمد کی گئی۔ کارروائی کے دوران 35 مشتبہ افراد کو حراست میں بھی لیا گیا جب کہ زیرحراست مشتبہ افراد سے تفتیش جاری ہے۔

پیرمحمد شاہ نے کہا کہ کالعدم تنظیم کے ٹھکانے سے برآمد کیے جانے والے اسلحے میں 4 ایس ایم جیز، 2 رائفلز، 6 راکٹ لانچرز، 8 دستی بم، 5 آوان بم، ایک من دھماکا خیز مواد ، ایس ایم جیز کی 4 ہزار اور ایل ایم جی کی 800 گولیاں شامل ہیں اس کے علاوہ 20 کلو چرس بھی بر آمد کی گئی۔