پولیس تھانہ سٹی نے سات ماہ قبل اغواء ہونے والا بچہ برآمد کر لیا

Wazirabad City Police Recovere Little Boy

Wazirabad City Police Recovere Little Boy

وزیرآباد (عقیل احمد خان لودھی) پولیس تھانہ سٹی نے سات ماہ قبل اغواء ہونے والا بچہ برآمد کرلیا، اغواء کار گرفتار۔ ایس ایچ او نعمان احمد بٹر نے میڈیا کے نمائندوں کو بتایا کہ کم سن بچے محمد عثمان کو اغواء کرنے والے ملزمان کے خلاف تھانہ سٹی میں مورخہ02-12-2015کو مقدمہ نمبر405/15 درج کیا گیا اور بچہ کی تلاش شروع کردی گئی۔

ملزم حسنین علی نے مورخہ14-11-2015کو سٹاپ گلہ گجرات سے اپنے والد کی تیمارداری کیلئے بکر گلہ وزیرآباد آئی خاتون کائنات زوجہ علی اکبر سے ساتھیوں کے ہمراہ گن پوائنٹ پراڑھائی سالہ بچہ محمد عثمان چھین لیا اور فرار ہوگئے۔

پولیس نے مغوی کی برآمدگی کیلئے متعدد ریڈ کئے مگر کوئی کامیابی نہ ہوسکی۔ مخبر خاص کی اطلاع پر گزشتہ روز اﷲ والا چوک وزیرآباد میں ناکہ لگا کر سیالکوٹ سے راولپنڈی کی طرف جاتی ہوئی بس کو روک کر ملزم حسنین علی ولد خلیل احمد ساکن سمبڑیال کے قبضہ سے مغوی بچے کو برآمد کرلیاگیا۔ پولیس نے مغوی بچے کو ماں کے حوالے کیا تو اس کی والدہ اور نانی فرط جذبات سے روپڑیں۔

بچے کی نانی شازیہ زوجہ حبیب سلطان نے بچے کی برآمدگی پر پولیس ، عدلیہ اور میڈیا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے بتایا کہ ملزمان منشیات کا دھندہ کرتے اور خود بھی نشہ کے عادی ہیں جو بچے کو بھی نشہ کا عادی بنا رہے تھے۔بچے کے ورثاء نے ملزمان کو کڑی سے کڑی سزا دلوانے کا مطالبہ کیا ہے۔

پولیس افسران نے ریڈنگ پارٹی اور ایس ایچ او کومغوی بچے کی برآمدگی پر نقد انعام اور سرٹیفکیٹ دینے کا اعلان کیا ہے۔