وزیرآباد کی خبریں 18/6/2016

Arrest

Arrest

وزیرآباد (عقیل احمد خان لودھی) پولیس تھانہ سٹی نے کرکٹ پر جوا لگانے والے بکیوں کو رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا۔شہر میں کرکٹ میچوں پر لاکھوں کا جوا ہوتا ہے جس سے عوامی،سماجی حلقے سخت پریشان ہیں جوے کی لت میں نوجوان نسل تباہ ہورہی ہے۔اعلیٰ پولیس حکام سی پی او گوجرانوالہ وقاص نذیر، ایس پی صدر گوجرانوالہ نے اس سلسلہ میں وزیرآباد پولیس کو ہدایات جاری کررکھی تھیں کہ جوے کا دھندہ کروانے والے افراد کوٹریس کر کے ان کے خلاف کاروائی کی جائے۔ اس سلسلہ میں ڈی ایس پی وزیرآباد رانا شبیر خاں کی قیادت میں جوا کرانے والے بکیوں کے خلاف کاروائیوں کا آغاز کیا گیا۔ ایس ایچ او تھانہ سٹی نعمان احمد نے اطلاع پر وزیرآباد کے مبینہ بڑے بکیے وسیم حسن ساکن جناح کالونی اور ساتھیوں محمد شاہ نواز، محمد قیصر ساکنان راہوالی کو گرفتار کرکے ان کے قبضہ سے ایک عدد ایل سی ڈی، کمپیوٹر سسٹم،موبائل فونز، وائرلیس سیٹ، پرنٹراور8 ہزار روپے نقدی برآمد کرلی۔ اہل علاقہ نے جوے کا دھندہ کروانے والے افراد کی گرفتاری پر پولیس تھانہ سٹی کی کارکردگی کو سراہا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
وزیرآباد(نامہ نگار) سڑک کنارے لگایا گیا رمضان بازار حادثات کا موجب بننے لگا، رمضان بازار میں آئے خریداروں کو سوار کراکے غلط سائیڈ پر جانے والا رکشہ سامنے سے آنے والے موٹر سائیکل سے جاٹکرایا۔ موٹر سائیکل سوار شدید زخمی، بازو اور کان زخمی ہوگئے۔ رکشہ ڈرائیور موقعہ سے غائب ہوگیا۔ تحصیل انتظامیہ کی جانب سے لگایا جانے والا سستا رمضان بازار ناقص منصوبہ بندی کے تحت جی ٹی روڈ نظام آباد کے قریب لگایا گیا ہے جہاں پارکنگ کا بھی مناسب بندوبست نہیں کیا گیا جس کی وجہ سے شہر اورطراف سے آنے والے خریداروں کو اپنی گاڑیاں اور موٹر سائیکل برلب سڑک پارک کرنا پڑتے ہیں ، غلط پارکنگ کی وجہ سے جی ٹی روڈ پر ٹریفک کا نظام درہم برہم ہونے سے روزانہ حادثات رونما ہونے لگے ہیں۔ گزشتہ روز پانچ بجے سہ پہر کے قریب گکھڑ کارہائشی تنویر احمد ولد محمد اصغر مدنی موٹر سائیکل پر سوار ہوکر ریلوے کالونی وزیرآباد میں اپنے سسرال جارہا تھا کہ نظام آباد ہائی سکول کے بالکل سامنے رمضان بازار سے سواریوں کے ہمراہ غلط سائیڈ پر آنے والے رکشہ سے ٹکرا کر روڈ پر گرگیا ، زبردست تصادم کے نتیجہ میں نوجوان کی بازو متاثر ہونے کے علاوہ کان کٹ کر لٹکنے لگا۔رکشہ ڈرائیور موقعہ سے غائب ہوگیا۔ اہل علاقہ نے ناقص منصوبہ بندی سے لگائے گئے رمضان بازار انتظامیہ کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے فوری اصلاح احوال کا مطالبہ کیا ہے۔