سیاسی برج اور دھاندلی

Election

Election

١١ مئی کے الیکشن کا نتیجہ سب کے سامنے آگیا جس سے صاف دکھائی دے رہا ہے کہ اس الیکشن میں بڑے بڑے سیاسی برج الٹ گئے ہیں اور اٰن سیاسی لیڈروں کو عوام نے مزید قبول کرنے سے انکار کر دیا ہے اور یوں جمہوریت کی صحیح لفظوں میں فتح ہوئی ہے۔نتائج سے واضح ہو گیا ہے کہ اب عوام نے ان کرپٹ ترین سیاستدانوں کو اٹھا پھینکا ہے۔ان بڑے بڑے سیاسی برجوں میں پہلا نام جناب سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف کا ہے ۔

جنہوں نے 2008کے الیکشن میں کامیابی حاصل کی تھی مگر اب عوام نے انہیں اپنا نمائندہ تسلیم کرنے سے انکار کردیا ہے جس سے انہیں اپنے آبائی حلقہNA-51 گوجر خان سے بد ترین شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ان کے مد مقابل مسلم لیگ نواز کے امیدوار نے 121067ووٹ حاصل کیے جبکہ راجہ پرویز اشرف نے صرف 67146ووٹ حاصل کیے۔اس کا مطلب یہ ہوا کہ سابق وزیر اعظم پچاس ہزار ووٹ سے ہار گئے۔

جو کہ ایک بہت بڑی تعداد ہے اور تو اور راجہ صاحب اپنے آبائی پولنگ سٹیشن سے بھی چند ووٹوں سے ہار گئے جہاں انہوں نے اپنا ووٹ بھی ڈالا تھی۔سابقہ وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف کا اپنے آبائی حلقے سے ہار جانا یہ واضح پیغام دے رہا ہے کہ عوام اب تبدیلی چاہتی ہے ۔تبدیلی کا ہر گز یہ مطلب نہیں کہ تبدیلی صرف تحریک انصاف کے اقتدار میں آجانے سے ہی آئے گی۔

راجہ پرویز اشرف کے مد مقابل راجہ جاویداخلاص نے مسلم لیگ کے ٹکٹ سے پہلی مرتبہ قومی اسمبلی کی سیٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے اور شائد یہی تبدیلی ہے ۔ اسی طرح پیپلز پارٹی کی رہنما ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان بھی اپنے دو حلقوں سے ہار گئیں۔ایک حلقے سے تو وہ پہلے ہی تحریک انصاف کے امدوار عثمان ڈار کے حق میں دستبردار ہو گئی تھیں کیونکہ انہیں اپنے شکست واضح دکھائی دے رہی تھی جبکہ دوسرے حلقے سے بھی نتائج موصول ہونے کے بعد ہار گئیں۔

قمر الزمان کائرہ کو بھی بد ترین شکست کا سامنا کرنا پڑا جبکہ میاں منظور وٹو پاکستان پیپلز پارٹی کے سینیئر رہنما ہونے کے باوجود اپنی سیٹ کھو بیٹھے۔اس طرح 2013کے الیکشن میں پنجاب سے پاکستان پیپلز پارٹی کا صفایا ہو گیا جبکہ پاکستان کے ایک اور صوبے خیبر پختونخوا سے اے این پی کا بھی صفایا ہو گیاکیونکہ اے این پی خیبر پختونخوا سے قومی اسمبلی کی ایک سیٹ بھی نہ لے سکی۔ان بڑے بڑے الٹنے والے سیاسی برجوں میں مسلم لیگ ن کے امیدوار بھی شامل ہیں۔

Imran Khan

Imran Khan

جن میں سر فہرست NA-56سے شکست کا سامنا کرنے والے حنیف عباسی بھی ہیں جن پر عمران خان واضح برتری حاصل کرنے میں کامیاب ہو گئے اسی طرح راولپنڈی کے حلقہNA-55سے شیخ رشید احمد نے نواز لیگ کے شکیل اعوان پر برتری حاصل کی جبکہ چوہدری نثار علی خان بھی ایک حلقہ سے پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار غلام سرور سے شکست کھا گئے۔شکست کا سامنا کرنے والے مایہ ناز سیاستدانوں میں راجہ ریاض،بشیر احمد بلور،احمد مختیار،ثمینہ گھرکی،اسفند یار ولی اور سابقہ وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کے چاروں بیٹے شامل ہیں۔

اب اگربات کی جائے الیکشن میں ہونے والی دھاندلی کی تو ثبوت اور شواہد یہی بتا رہے ہیں کہ کراچی میں سر عام جعلی ووٹ ڈالے گئے اور عام عوام سے زبر دستی ایک سیاسی پارٹی کے کارندوں نے اپنے امیدواروں کے انتخابی نشان پر ٹھپے لگائے اور وہ انتخابی نشان پتنگ تھی کیونکہ یہ انتخابی نشان سوشل میڈیا پر دھاندلی کی ویڈیو ز میں نمایاں دیکھی گئی۔

اسی بنا پر اِس پارٹی کے امیدواروں نے سب سے زیادہ ووٹ حاصل کرنے کا ریکارڈ بھی قائم کیا۔سوشل میڈیا پر موجود تمام دیڈیوز میں واضح نظر آرہا ہے کہ کراچی کے تمام حلقوں میں زبر دست دھاندلی سے کام لیا گیا۔میڈیا کے نمائندوں نے جب خواتین سے پوچھا کہ آپ نے کیسے ووٹ کاسٹ کیا تو ان خواتین کا کہنا تھا کہ ہمیں تو بیلٹ پیپر پر ٹھپا لگانے ہی نہیں دیا گیا۔

وہاں موجود لوگوں نے خود ہمارے بیلٹ پر ٹھپا لگا کر بیلٹ پیپر ڈبے میں ڈال دیا۔اسی طرح ایک اور ویڈیو میں دیکھا کہ کراچی کے ایک پولنگ سٹیشن کے باہر کھڑے رینجرز کے اہلکاروں کو ایک عورت پہننے کے لیے چوڑیان دے رہی ہے اس عورت کا کہنا ہے پولنگ کہ اندر دھاندلی ہو رہی ہے۔

آپ لوگ باہر کھڑے تماشا دیکھ رہے ہیں آپکو چاہیے کہ یہ چوڑیاں پہن لیں۔ہو سکتا ہے کہ اسی طرح کے بے شمار واقعات پاکستان کے دوسرے پولنگ سٹیشن پر بھی ہوئے ہوں مگر وہاں سے کوئی ٹھوس شواہد موصول نہیں ہو سکے اس دھاندلی کو مد نظر رکھتے ہوئے اگر اب بھی چیف الیکشن کمیشن فخروالدین جی ابراہیم یہ کہیں کہ انتخابات شفاف ہوئے ہیں تو یہ بڑے افسوس کی بات ہو گی۔

Muhmmad Furqan

Muhmmad Furqan

تحریر : محمد فرقان