سیاسی مصلحتوں سے بالا تر ہو کر دہشتگردوں کیخلاف کارروائی کی جائے: قمر زمان کائرہ

Qamar Zaman Kaira

Qamar Zaman Kaira

لاہور (جیوڈیسک) پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے قمر زمان کائرہ کا کہنا تھا کہ حکمران دعوے تو بہت کر رہے ہیں، لیکن سانحہ چارسدہ کے بعد کئی سوالوں نے جنم لیا ہے، آخر کار اب تک دہشت گردی کے ناسور پر قابو کیوں نہیں پایا جا سکا؟ انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر داخلہ کو سامنے آنا ہو گا۔

قوم کو یہ بتانا ہو گا کہ جن 72 تنظیموں پر ریاست نے پابندی عائد کی وہ نام بدل بدل کر کیسے کام کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ضیاء سے مشرف اور نواز شریف تک سب حکومتوں اور اداروں نے صرف پیپلز پارٹی کا ہی احتساب کیا۔

اب بھی ایسا ہی ہو رہا ہے اس لئے بلاول نے نون لیگ ایکشن پلان کی بات کی۔ کائرہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے دہشتگردوں کے خلاف آپریشن کیا تو سب خلاف ہو گئے، عمران خان جلوس لے کر گئے تو میاں صاحب طالبان سے مذاکرات کے حامی تھے۔

انہوں نے کہا کہ دہشتگردی میں بھارت سمیت جو بھی ملوث ہے اسے بے نقاب کیا جائے۔ قمر زمان کائرہ نے مزید کہا کہ اقتصادی راہداری ہو یا گیس پائپ لائنوں کے منصوبے، سب پیپلز پارٹی نے شروع کئے۔

نواز شریف ان پر عمل کریں۔ دہشتگردی کا مقابلہ کریں، ہم دفاع میں ان کے آگے کھڑے ہوں گے۔