سیاسی جماعتیں حکومت بنانے میں ناکام رہیں تو دوبارہ عوام کے پاس جائینگے: اردگان

Recep Tayyip Erdogan

Recep Tayyip Erdogan

انقرہ (جیوڈیسک) ترک صدر رجب طیب اردگان نے کہا ہے ترکی کو بعض مسائل درپیش ہیں جس کے لئے ہمیں سوچ سمجھ کر فیصلے کرنا ہونگے اور میری خواہش ہے ملک میں ایک ایسی حکومت قائم ہو جو ان مسائل سے بخوبی نمٹنے کی اہلیت رکھتی ہو۔

صدر اردگان نے تمام سیاسی جماعتوں کو دعوت دی وہ ایوان کی تشکیل کے بعد حکومت کے قیام کے لئے اپنی ذمہ داریاں پوری کریں، سیاسی جماعتیں حکومت کے قیام میں ناکام ہوئیں تو ہم عوام سے دوبارہ حکومت بنانے کے لئے رجوع کریں گے۔

مزید برآں ترک وزیراعظم احمد دائود اوگلو نے کہا ہے اب ہم ایک ایسی مخلوط حکومت کے متلاشی ہیں جو ترکی کو ترقی و کامیابی کی منازل تک لے جائے جس کے لئے ہم ملک کی ہر سیاسی جماعت کے در پر دستک دینے سے گریز نہیں کریں گے لیکن افسوس بعض جماعتوں نے اپنے دروازے روز اول سے ہی مفاہمت کے لئے بند کر دئیے جو ملک میں سیاسی کشیدگی کا باعث بنے ہیں۔

ان کا کہنا تھا ہماری خواہش ہے حکومت کا قیام جلد از جلد ممکن ہو سکے۔ اس مقصد کے لئے صدر اردگان آئندہ ہفتے حکومت کی تشکیل کے لئے سیاسی جماعتوں سے رجوع کریں گے۔