سیاسی شخصیت کی شوگرملوں کا گنے کے کاشتکاروں کے نام سندھ بینک سے اربوں روپے کا فراڈ

Badin

Badin

بدین (عمران عباس) ملک کی ایک بڑی سیاسی شخصیت کی شوگرملوں کا چھوٹے آبادگاروں اور گنے کے کاشتکاروں کے نام سندھ بینک سے اربوں روپے کا فراڈ، فراڈ میں ملوث بڑی مچھلیوں کو بچانے کے لیئے چھوٹے ملز افسران کو قربانی کا بکرا بناکر کھوسکی تھانے پر کھوسکی شوگر ملز کے تین افسران اور ایک مڈل مین کے خلاف 75 کروڑ روپے کے فراڈ کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔

ذرائع کے مطابق ملک کی ایک بڑی سیاسی شخصیت کی شوگر ملوں اور کاروباری نگران انورمجید نے سیاسی اور حکومتی دباؤ پر سندھ بینک سے چھوٹے آبادگاروں کے نام پر چھ ارب روپے سے زائد کے قرض حاصل کیئے جن میں سینکڑوں چھوٹے آبادگاروں اور کاشتکاروں کے شناختی کارڈ استعمال کرکے اربوں روپے کے قرض حاصل کیئے گئے ان میں سے بہت سے افراد زندہ ہی نہیں ہیں اور وہ وفات پا چکے ہیں۔

اربوں روپے کے بینک فراڈ کے خلاف مختلف تحقیقاتی ادارے اور ایجنسیوں نے ملوث با اثر شخصیات کے خلاف گیرا تنگ کرلیا تھا جس سے بچاؤکے لیئے با اثر افراد نے چھوٹے افسران کو قربانی کا بکرا بنانا چا ہا ہے جس پر چھوٹے افسران سازش سے بچنے کے لیئے مل سے فرار ہوگئے ہیں بدین پولیس نے تین دن قبل کھوسکی شوگرملز کے کین منیجر حاتم شر، پروگرام آفیسر امان اللہ شر، مڈل مین غلام مصطفی کھٹی کو سجاول کے قریب گرفتار کرکے غائب کردیا تھا گذشتہ روز ان افسران کی گرفتاری ظاہر کرکے کھوسکی تھانے پر شوگر ملز کے افسران خدابخش جمالی کی فریاد پر مقدمہ نمبر 35/20 دفعہ 408,421, 420, اور پی پی سی کے تحت 75کروڑروپے کے فراڈ کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔