سیاست کپتان کے بس کی بات نہیں، درگاہ پر بیٹھیں۔ شہباز شریف

Shahbaz Sharif

Shahbaz Sharif

ڈیرہ غازی خان (جیوڈیسک) زرداری، نیازی کی جوڑی نے گٹھ جوڑ کر لیا ہے، اگلے الیکشن میں ن لیگ سیاسی مخالفین کا صفایا کر دے گی، کرپشن ثابت ہوئی تو سیاست چھوڑ دوں گا، شہباز شریف کا ڈی جی خان میں دھواں دار خطاب، چیف جسٹس سے ملتان میٹرو پر سترہ رکنی بینچ بنانے کی اپیل۔ ڈیرہ غازی خان میں مسلم لیگ نون کی جانب سے منعقد جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف نے کہا کہ اگلے 3 ماہ میں فیصلہ آنے والا ہے، مسلم لیگ ن اگلے الیکشن میں مخالفین کا صفایا کر دے گی، عوام نے فیصلہ کرنا ہے، کس نے خدمت اور کس نے وقت ضائع کیا۔

وزیر اعلیٰ پنجاب نے سیاسی مخالفین پر بھی طنز کے نشتر چلائے، انہوں نے کہا زرداری، نیازی کی جوڑی نے گٹھ جوڑ کر لیا ہے، نیازی زرداری کو کہتے ہیں سندھ میں جو مرضی کرو نام نہیں لونگا جبکہ زرداری کہتے ہیں کے پی میں جو مرضی کرو نام نہیں لینگے، دونوں ملکر پنجاب حکومت کیخلاف بے بنیاد الزامات لگاتے ہیں، دھیلے کی کرپشن بھی ثابت ہو جائے تو سیاست چھوڑ دوں گا، عمران خان بھگوڑے ہیں بھاگ جائیں گے، سیاست ان کے بس کی بات نہیں ، وہ کان پکڑیں، توبہ کریں اور کسی درگاہ پر جا کر اللہ اللہ کریں۔

شہباز شریف کا یہ بھی کہنا تھا کہ ماضی کی حکومتوں نے جنوبی پنجاب پرتوجہ نہیں دی، طوفان ہو یا سیلاب دن رات جنوبی پنجاب میں کام کیا، مخالفین کہتے ہیں میں اسکول، اسپتال نہیں بناتا، آؤ ڈیرہ غازی خان میں دیکھو، یہاں اسکول بھی بنایا، اسپتال بھی، مخالفین نے اپنے صوبوں میں قوم کا وقت ضائع کیا اور اپنے صوبوں میں دھیلے کا کام نہیں کیا ، عوام کی خدمت ہمارا فرض ہے، غریب قوم کا پیسہ ایمانداری سے استعمال کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگر قائد کا پاکستان نہ بنایا تو قیامت والے دن معافی نہیں ہو گی، سیاسی مخالفین جھوٹ کے کلچر کو فروغ دینا چاہتے ہیں، 3 ماہ بعد عوام انہیں ووٹ سے جواب دیں گے، مخالفین الزام تراشیاں اور جھوٹ بولنا چھوڑ دیں۔ شہباز شریف نے ترقیاتی منصوبوں کا اعلان کرتے ہوئے چوٹی زیریں میں اسپتال کے قیام کا عندیہ دیا،ساتھ ہی فورٹ منرو میں کیڈٹ کالج بنانے کا اعلان بھی کیا۔ اس کے علاوہ وزیر اعلیٰ پنجاب نے ڈیرہ غازی خان میں چائلڈ پروٹیکشن انسٹی ٹیوٹ کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا۔ چوٹی زیریں سےچوٹی بالا سڑک بحالی و کشادگی منصوبے کا بھی افتتاح کیا۔ سڑک کی تعمیر پر36 کروڑ روپے کی لاگت آئے گی۔

خیال رہے کہ شہباز شریف کا پاکستان مسلم لیگ (ن) کا مستقل صدر بننے کے بعد یہ دوسرا جلسہ ہے۔اس سے قبل فیصل آباد کے دھوبی گھاٹ میں بھی پاکستان مسلم لیگ (ن) پاور شو کر چکی ہے۔ واضح رہے کہ گذشتہ روز الیکشن کمیشن نے شہباز شریف کا نام بطور پاکستان مسلم لیگ (ن) صدر اپ ڈیٹ کردیا گیا تھا۔اس سے قبل تیرہ مارچ کو (ن) لیگ کے جنرل کونسل اجلاس میں شہباز شریف کو بلا مقابلہ مسلم لیگ (ن) کا صدر منتخب کیا گیا تھا۔