ہم سیاست برائے سیاست کے بجائے خدمت پر یقین رکھتے ہیں: وزیراعظم نواز شریف

Nawaz Sharif

Nawaz Sharif

اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ سیاست برائے سیاست کے بجائے خدمت پر یقین رکھتے ہیں۔ مخالفین حادثات پر سیاست کر نے کے بجائے متاثرین کے زخموں پر مرہم رکھنے کی کوشش کریں۔

احمد پور شرقیہ کے علا قہ پکی پُل کے موضع رمضان جوئیہ پر حادثہ کے متاثرین سے اظہار افسوس کے موقع پر مزید کہا کہ حادثہ کے بعد پوری مشینری حرکت میں آئی اور انہوں نے زخمیوں کو فوری طور پر ہسپتالوں میں منتقل کیا ۔

انہوں نے کہا کہ حادثہ میں جاں بحق اور زخمی ہونے والوں کے لئے امداد جانوں کا نعم البدل نہیں ہے ۔ مگر ان کے ورثا کی تکالیف کو کم کرنے کی کوشش ہے ۔ ہم اس حادثہ میں جاں بحق ہونے والوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے ۔ ان کے بچوں کو نوکریاں دیں گے اور ہر طرح سے اُن کی امداد کی جائے گی۔ لو ڈشیڈنگ ختم کر نے کی کوشش کر رہے ہیں۔ تاہم ملک کی معیشت کو مضبوط کیا جا سکے اوربیر وز گار ی کا خاتمہ ہو،وزیر اعظم نے سانحہ احمد پور شرقیہ کے بعد کامیاب ریسکیو آپریشن کیلئے وزیر اعلیٰ شہباز شریف کی براہ راست نگرانی کے عمل کو بھی سراہا ۔

وزیراعظم کا بہاولپور پہنچنے پر وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف، وزیر مملکت بلیغ الرحمان اور اراکین قومی و صوبائی اسمبلی نے ان کا استقبال کیا۔

اس موقع پر کمشنر بہاولپور نے سانحے سے متعلق اور حادثے میں زخمی ہونے والوں کو دی جانے والی سہولیات کے حوالے سے بریفنگ دی ۔ انہوں نے بتایا کہ حادثہ صبح 6بجکر 20 منٹ پر پیش آیا، کراچی سے بہاولپور جانے والے آئل ٹینکر میں 25000 لیٹر تیل تھا۔عوام نے گرے ہوئے تیل کو اٹھانا شروع کردیا اور اس دوران آئل ٹینکر دھماکے سے پھٹا اور 265 افراد کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ۔سانحے میں 150 سے زائد افراد جاں بحق اور 125 زخمی ہوئے ۔

وزیراعظم نے حادثے کی تحقیقات کرانے کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا کہ حادثے کے ذمے داروں کا تعین کیا جائے گا ، ان کا کہنا تھا کہ ہمیں ایسے واقعات کو مثال بنانا چاہیے تاکہ آئندہ درست اقدامات کیے جاسکیں۔

وزیراعظم نوازشریف نے جاں بحق افراد کے لواحقین کو 20 لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا جبکہ زخمیوں میں 10لاکھ روپے کے چیک تقسیم کیے ۔ اس موقع پر انہوں نے جاں بحق افراد کے لواحقین اورزخمیوں کو نوکریاں دینے کا اعلان بھی کیا۔

وزیراعظم نواز شریف نے سانحے میں جاں بحق افراد کیلئے دعا بھی کرائی۔