پوجا بھٹ کو امیتابھ بچن پر تنقید مہنگی پڑ گئی

Pooja Bhatt - Amitabh Bachchan

Pooja Bhatt – Amitabh Bachchan

ممبئی (جیوڈیسک) اداکارہ پوجا بھٹ بالی ووڈ کے شہنشاہ امیتابھ بچن پر تنقید کرنے پر سوشل میڈیا صارفین کے نشانے پر آ گئیں۔

مقبوضہ کشمیر میں 8 سالہ ننھی آصفہ کے ساتھ زیادتی اور بہیمانہ قتل پر جہاں پوری بھارتی انڈسٹری آصفہ کےساتھ اظہار یکجہتی اور انصاف کیلئے اٹھ کھڑی ہوئی تھی وہیں حیرت انگیز طور پر اداکار امیتابھ بچن نے اس معاملے پر کچھ بھی کہنے سے گریز کیا تھا، صحافیوں کی جانب سے جب ان سے اس سلسلے میں سوال کیا گیا تو انہوں نے ناگواری کا اظہار کیا تھا۔ ان کے اس طرز عمل پر انہیں بھارتی میڈیا سمیت متعدد اداکاروں کی جانب سے تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔

اداکارہ پوجا بھٹ نے بھی امیتابھ کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا تھا ’مجھے فلم پنک کی یاد آرہی ہے، کیا اسکرین پر ہماری جو تصویر پیش کی جاتی ہے حقیقت میں بھی ہم ویسے ہی ہوتے ہیں۔‘

امیتابھ کے مداحوں کو پوجا بھٹ کا یہ ٹوئٹ پسند نہیں آیا اور انہیں امیتابھ کے مخالف ٹویٹ کرنے پر سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے’’شرابی‘‘کا طعنہ دیا گیا۔ ایک صارف نے لکھا پوجا بھٹ دراصل امیتابھ بچن کے نام پر سستی شہرت حاصل کرنے کی کوشش کررہی ہیں۔

اس ٹوئٹ کے جواب میں پوجا بھٹ نے ایک اور ٹوئٹ کیا کہ میں شراب نوشی چھوڑ چکی ہوں اور مجھے اس پر فخر ہے،ایک ایسا ملک جہاں کے لوگوں کو یہ بات معلوم ہی نہیں ہے کہ شراب نوشی ایک بڑا مسئلہ ہے، وہاں مجھے یہ بتاتے ہوئے خوشی ہورہی ہے کہ میں اس لت سے چھٹکارہ حاصل کر چکی ہوں۔

واضح رہے کہ رواں ماہ مقبوضہ کشمیر میں زیادتی و قتل کا شکار ہونے والی ننھی آصفہ کے لیے آواز اٹھانے پر اداکارہ کرینہ کپور خان کو بھی سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔